’اپنے عہدے سے کبھی بھی نا انصافی نہیں کرونگا‘پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کارکنوں کو بڑی یقین دہانی کرادی

صوابی(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) خیبر پختونخو ا کے صدر پرویز خان خٹک نے دوٹوک الفاظ میں واضح کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بحیثیت صوبائی صدر خیبر پختونخوا مجھے جو ذمہ داری سونپی ہیں اسے احسن طریقے سے نبھا کر ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اپنے اس عہدے سے کبھی بھی نا انصافی نہیں کرونگا .

 پی ٹی آئی ضلع صوابی کے زیر اہتمام ایک بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ حکمت عملی یہ ہے کہ پارٹی کو مضبوط کیا جائے اور ان کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے جنہوں نے الیکشن کے دوران بے پناہ تعاون کیا، یہ جانتے ہوئے کہ کچھ کارکن ناراض ہوئے لیکن انہیں فکر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ انہوں نے ان کی عزت افزائی کی .

انہوں نے کہا کہ میں کسی رکن کو کوئی عہدہ نہیں دوں گا، کوئی صدر اور جنرل سیکرٹری نہیں ہوگا ، کارکنان کی رضامندی سے ہر ویلج کونسل میں ایک آرگنائزنگ کمیٹی بنائی جائے گی،آرگنائزنگ کمیٹیاں بعد ازاں تحصیل اور ضلعی عہدیداروں کا انتخاب کریں گی جبکہ پارٹی میں پورے سیٹ کو جمہوری انداز میں ڈھالا جائے گا لیکن توجہ اگلے عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر ہوگی .

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں وزیراعلیٰ بنایا اور اب انہیں خیبرپختونخوا میں پارٹی کی قیادت کرنے کی بڑی ذمہ داری دی ہے،میں نے کبھی اپنے عہدے اور دیے گئے کام میں ناانصافی نہیں کی،میں نے ہمیشہ پارٹی میں حصہ ڈالا، وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہیں جو صرف ملک کی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور ملک کو لٹیروں سے بچانا چاہتے ہیں . پرویز خان خٹک نے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی معیشت بہت بہتر ہے، مہنگائی نے پوری دنیا میں عوام کو متاثر کیا اور پی ٹی آئی نے کوئی غلط کام نہیں کیا، کارکنان اور رہنما پورے عزم کے ساتھ کام کریں تو کوئی شک نہیں کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن 2023 ءمیں ایک اور شکست کا امتحان لیں گی . انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پوری لگن اور ارتکاز کے ساتھ کام کریں .

. .

متعلقہ خبریں