لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعظم آفس سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی جیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے . وزیراعظم کا یہ تبصرہ لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا سے ملاقات کے دوران سامنے آیا جہاں انہوں نے کہا کہ فرنچائز کا نوجوان کپتان شاہین شاہ آفریدی کو مقرر کرنے کا فیصلہ نتیجہ خیز ثابت ہوگا .
ملاقات کے دوران نئے تعینات ہونے والے کپتان اور ڈائریکٹر آپریشنز عاقب جاوید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان بھی موجود تھے . وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے ہمیشہ میچوں کا رخ بدلا ہے . انہوں نے مزید کہا کہ قلندرز نے پی ایس ایل فرنچائزز میں اپنے لیے ایک منفرد مقام بنایا ہے، گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ہنٹ قلندروں کی ایک خاصیت ہے .
وزیراعظم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران نوجوان فاسٹ بولر کی کارکردگی کو بھی سراہا جو کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی جیت کی ایک بڑی وجہ تھی، عمران خان نے شاہین آفریدی سے کہا کہ وہ کرکٹ میں اپنی شناخت بناتے رہیں . دریں اثناء فرنچائز کے سی ای او نے وزیراعظم کو لاہور قلندرز کے کرکٹ کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور فرنچائز کی جانب سے کامیاب جوان سپورٹس پروگرام میں ہونے والی پیش رفت کا بھی اعتراف کیا . وزیراعظم نے لاہور قلندرز اور کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا .
. .