کورونا کیسز میں اضافہ‘ مساجد اور عبادت گاہوں میں ایس او پیز سے متعلق مراسلہ جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر مساجد اور عبادت گاہوں میں ایس او پیز سے متعلق مراسلہ جاری کردیا گیا . جیو نیوز کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مساجد اور عبادت گاہوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مراسلہ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا کی موجودہ لہر کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے ، ایسے میں صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب وقت پر عبادت گاہوں سے متعلق ایس او پیزپر نظر ثانی ہوگی .


مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے اور علمائے کرام مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں تعاون کریں ، اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور ویکسی نیشن سے متعلق آگاہی کیلئے بھی علماء کی خدمات حاصل کرے .

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے ، اس دوران مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 53 فیصد ریکارڈ کی گئی اور ملک میں 7 ہزار 195 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد وشمار سے معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر کورونا سے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 29 ہزار 105 ہوچکی ہے جب کہ اس وقت تک وباء کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 13 لاکھ 74 ہزار 800 ہوچکی ہے ، جن میں سے صوبہ پنجاب میں 4 لاکھ 64 ہزار 431 ، صوبہ سندھ میں 5 لاکھ 26 ہزار 899 ، صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 85 ہزار 340 ، صوبہ بلوچستان میں 33 ہزار 941 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 497 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 18 ہزار 292 اور آزاد کشمیر میں 35 ہزار 400 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں .

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وباء سے ایک دن میں مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد ملک میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 105 ہوچکی ہے ، جن میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں 13 ہزار 108 افراد کورونا سے انتقال کرگئے ، صوبہ سندھ میں یہ تعداد 7 ہزار 741 ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 975 ، اسلام آباد میں 976 ، صوبہ بلوچستان میں 367 ، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں اب تک 751 شہری کورونا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے اور اس وقت بھی ملک بھر میں ایک ہزار 113 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے .
بتایا گیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 57 ہزار 401 نئے ٹیسٹ کیے گئے ، اور مجموعی طور پر اب تک 2 کروڑ 45 لاکھ 90 ہزار 353 افراد کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جب کہ اس وقت تک ملک بھر میں 12 لاکھ 69 ہزار 78 مریض کورونا وباء سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں