کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹو کے جاری کردہ بیان میں پارٹی کے مرکزی قومی کانگرس منعقدہ28-29جنوری2022 بمقام کوئٹہ کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے تاریخ ساز جدوجہد اور قربانیوں سے لبریز تاریخ میں ایک اور سنگ میل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس تاریخی قومی کانگرس کے انعقاد سے پارٹی کو پورے ملک میں ہر سطح پر مزید وسیع اور فعال بنانے،عوامی رابطہ مہم تیزکرنے، پارٹی کو منظم کرنے اور اس کی ہر سطح پر فعالیت میں بھی اضافہ ہوگا . اور پارٹی کے رہنماء اداروں کے انتخاب کے ساتھ ساتھ پارٹی کے تمام اداروں کے ہر شعبہ کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا اور سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی سیاسی جمہوری وطن دوستی،عوام دوستی اور اعلیٰ انسانی اسلامی اور پشتنی اقدار کے افکار پر مبنی شروع کردہ تحریک اُس کے لازوال جدوجہد اور تاریخ ساز قربانیوں کا رواہ تسلسل ہے اور پشتونخوامیپ کے بانی خان شہید ان کے ساتھ شریک اکابرین کی فرنگی استعمار، اُن کے کاسہ لیسوں اور ملک کے قیام کے بعد ملک کے آمر حکمرانوں اور ان کے کاسہ لیسوں کیخلاف تاریخ ساز جدوجہد اور اُن کی لازوال قربانیوں، صعوبتوں کو جھیلنے اور شہادت کے مرتبے تک مسلسل جدوجہد کا تاریخی ثمر ہے جس نے پشتون قومی تحریک اور ملک کی سیاسی جمہوری تحریک اور قوموں کی برابری پر مبنی رضاکارانہ فیڈریشن قائم کرنے،آئین وقانون کی حکمرانی،پارلیمنٹ کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد کی راہ کو واضح اور روشن کیا .
اور اس کے بعد پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب قائد محترم محمود خان اچکزئی کی ولولہ انگیز رہبری میں پارٹی قیادت، پارٹی کارکنوں، بہی خواہوں اور پشتون غیور ملت کی اس تاریخی جدوجہد کا عکاس ہے جس میں پشتونخوامیپ نے ہمیشہ پشتون قومی تحریک کے ہر اول دستے اور ملک کی سیاسی جمہوری تحریکوں میں صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے
. .