کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان و صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں قائم مخلوط صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، حکومتی کارکردگی سے سینیٹ الیکشن اور اسمبلی میں ایک دوسرے کے مخالف اور وزارت سے استعفیٰ دینے والوں کو یکجا کردیا ہے،ڈرائنگ روم کی سیاست مزید نہیں چلے گی اگر کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ مخلوط حکومت کیخلاف سازش کا جال بنیں گے تویہ ان کی خام خیالی ہے . ریکوڈک بلوچستان کی آئندہ نسلوں کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے اس سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا وہ عوامی نمائندوں کی مشاورت صوبے کے مفاد میں ہوگا .
یہ بات بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان و صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو سردار عبدالرحمن کھیتران نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی . صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کیھتران نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مسودہ قوانین کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی نوعیت کے مسودات کی منظوری سے عوامی مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوگی . انہوں نیکہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں قائم مخلوط صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں تاہم حکومت ان کیلئے خطرہ ہے جنہوں نے سابق حکومت میں عوام کے وسائل کا ضیاع کرکے مسائل حل نہیں کئے . ڈرائنگ روم کی سیاست مزید نہیں چلے گی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جو زمین پر نظر آرہے ہیں . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ صوبے کے معدنی ذخائر ریکوڈک سے متعلق کچھ لوگ پروپیگنڈہ کرکے حکومت مخالف سازشیں کررہے ہیں ان پر واضح کرتے ہیں کہ ریکوڈک بلوچستا ن کی آئندہ نسلوں کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے اس سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا وہ عوامی نمائندوں کی مشاورت صوبے کے مفاد میں ہوگا . انہوں نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ایک بیان سے متعلق سوال پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ترقیاتی منصوبے کسی کی ذات کے نہیں بلوچستان کے عوام کے ہیں یہ منصوبے عوام کے فنڈ سے مکمل ہو رہے ہیں گزارش ہے سابق وزیراعلیٰ ترقیاتی منصوبوں کو اپنی ذاتی ملکیت نہ سمجھیں موجودہ حکومت جہاں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کررہی ہے وہیں سابق ترقیاتی منصوبوں کو بھی مکمل کرے گی . سابق وزیراعلیٰ جام کمال اور سردار یار محمد رند کے درمیان ہونے والی ملاقات کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تواتر سے ہونے والی ملاقاتیں اگر صوبے کی ترقی، عوام کی خوشحالی کیلئے ہیں تو خوش آئند امر ہے تاہم اگر کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ قدوس بزنجو کی سربراہی میں قائم مخلوط صوبائی حکومت کے خلاف سازش کا جال بنیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہوگی . میری جام کمال سے نہیں تمام اراکین اسمبلی سے درخواست ہے کہ وہ آئیں صوبے کی تعمیر میں حکومت کا ساتھ دیں . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے قائمقام صدر میر ظہور احمد بلیدی کی قیادت میں جلد پارٹی کے انٹرا الیکشن کرائے جائیں گے اور پارٹی کو مزید منظم اور فعال کیا جائیگا . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں مخلوط حکومت صوبے میں عوامی مفاد عامہ کے اقدامات کو اولین ترجیح دے رہی ہے . اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کے آغاز سے صوبے کے پسماندہ اور گزشتہ حکومت میں نظر انداز ہونے والے حلقے بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سی پیک پاکستان اور خطے کی ترقی کا ضامن ہے سی پیک کے منصوبوں سے نہ صرف گوادر بلکہ بلوچستان کے لوگ بھی مستفید ہوں گے . صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی و صوبائی وزراء کا حالیہ دورہ گوادر سی پیک منصوبوں کی پیشرفت میں مزید تیزی لانے اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت کی کارکردگی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات نے ان عناصر جو سینٹ الیکشن اور اسمبلی میں ایک دوسرے کے مخالف تھے کو یکجا کر دیا ہے مگر انہیں اس مرتبہ بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو عبور کرکے حکومت عوام کے سامنے سرخرو ہوگی .
. .