عمران خان کے دور میں صرف ’’چوری اور لوٹ مار‘‘ شعبے میں ترقی ہوئی،مریم نواز

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں صرف ’’چوری اور لوٹ مار‘‘ شعبے میں ترقی ہوئی، عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ اور بدعنوان حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی، عمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کیے . انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ، بدعنوان اور رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی .


ہر شعبے میں تنزلی کے ریکارڈ بنانے والے عمران خان کے دور میں صرف ایک شعبے میں ترقی ہوئی اور وہ ہے چوری اورلوٹ مار . انہوں نے کہا کہ عوام کی جیبیں خالی کر نے والے عمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کیے .

اسی طرح صدر مسلم لیگ ن میاں شہبازشریف نے کہا کہ کرپشن کے خلاف “جہاد”کرنے کی دعویدار نیازی حکومت کے سر ایک اور سہرا: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی آج کی رپورٹ کے مطابق عمران نیازی حکومت نے پچھلے 20 سال میں سب سے زیادہ کرپشن کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا ہے .

نیازی صاحب، اگر اپنے ضمیر کی آواز نہی سن سکتے تو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ہی سن لیں . دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی صورتحال مزید خراب ہوگئی . پاکستان کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کی بجائے تنزلی کی جانب چلا گیا . ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ حکومتی دعوؤں کے برعکس کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھی ہے .
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن سے متعلق سی پی آئی انڈیکس رپورٹ 2021 جاری کردی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے . 180 ممالک کی عالمی فہرست میں پاکستان کی تنزلی 16 درجے رپورٹ کی گئی ہے . پاکستان 28 پوائنٹس کے ساتھ کرپشن کے بارے میں عالمی رینکنگ میں 140 ویں نمبر پر آگیا . گزشتہ سال کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کا نمبر 124 تھا . ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی دنیا بھر میں کرپشن کی عالمی درجہ بندی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن نہ ہونے کے اسکور میں 3 پوائنٹس کی کمی ہوگئی . 2021ء میں پاکستان 100 میں سے صرف 28 پوائنٹس حاصل کرسکا، جبکہ گزشتہ سال یہ اسکور 31 تھا .

. .

متعلقہ خبریں