کراچی (قدرت روزنامہ) ایم کیوایم کارکن نے وزیراعلیٰ سند ھ اور پولیس افسران کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ، جس میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سند ھ اور پولیس افسران کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے . دنیا نیوز کے مطابق ایم کیوایم کارکن محفوظ یار خان نے سول لائنز تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کروائی ہے جس میں ایم کیوایم کی احتجاجی ریلی پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے تشدد اور آنسو گیس کی شیلنگ کا ذمہ دار وزیراعلیٰ سند ھ اور پولیس افسران کو ٹھہرایا گیا ہے، درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا کہ ایم کیوایم کی احتجاجی ریلی کے شرکاء پر پولیس اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پرتشدد کیا، وزیراعلیٰ سند ھ اور پولیس افسران کے مقدمہ درج کیا جائے .
مقدمے میں دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کی جائیں . دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ گذشتہ شب نیو کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکن اسلم کے گھرگئے . وزیراعلی سندھ نے اسلم کے ورثا سے مرحوم کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرحوم اسلم کے انتقال پر اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں . وزیراعلی سندھ نے اہل خانہ کے ساتھ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کی .
انہوں نے کہا کہ فیملی جس طرح کی بھی انکوائری چاہتی ہے وہ کی جائے گی . وزیراعلی سندھ کے ہمراہ صوبائی وزرا سعید غنی، سید ناصر شاہ، مرتضی وہاب، وقار مہدی اور ڈاکٹرعاصم تھے . دریں اثناوزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اورنگی میں ایم کیو ایم کے ایم پی اے صداقت کے گھر بھی گئے . وزیراعلی سندھ نے ایم پی اے صداقت کی عیادت کی . انہوں نے کہا کہ مجھے واقعے پر بہت افسوس ہوا ہے .
میں نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور اس جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی . میں نے مذکورہ واقعہ کے حوالے سے آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی کے ساتھ اجلاس بھی کیا ہے . ایم پی اے صداقت نیوزیر اعلی سندھ کو پورے واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا . رکن سندھ اسمبلی صداقت نے کہا کہ مجھے انصاف چاہیے . اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آپ کوانصاف ملے گا .
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں . وزیراعلی سندھ نے کہا کہ واقعے کے روز شام 6 بجے پی ایس ایل کی ٹیم کو ہوٹل سے نکلنا تھالہذا اس وقت دھرنے کا ہونا بڑا مسئلہ تھا . اس موقع پر ایم پی اے علی خورشیدی بھی موجود تھے . وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سیاسی رہنما ہونے کی حیثیت سے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان کا خیال رکھیں . ہم نے لسانیات یا نفرت کی سیاست کو ہر صورت ختم کرنا ہے .