لاہور(قدرت روزنامہ) تعلیمی اداروں میں پابندیوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا . چھٹی جماعت تک کے بچوں کی حاضری 50فیصد رہے گی .
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق 50 فیصد حاضری پر 15فروری تک عمل درآمد ہو گا،فیصلہ لاہور اور راولپنڈی کے نجی اور سرکاری اسکولوں کے لیے ہے . اس سے قبل وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کے باعث لاہور کے بعداب راولپنڈی کے نجی وسرکاری سکولوں میں بھی اب ہفتے میں تین متبادل ایام میں کلاسز میں طلباء کی 50 فیصد حاضری کی پابندی عائد ہوگی .
پچاس پچاس فیصد طلباء ہفتے میں تین تین روز متبادل دنوں میں کلاسز میں حاضر ہوسکیں گے . لاہور اور راولپنڈی میں پہلی سے چھٹی جماعت تک تمام اسکولوں میں 50 فیصد حاضری ہوگی، جبکہ ساتویں سے12ویں جماعت تک تعلیم پرانے شیڈول کے مطابق جاری رہے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے .
یاد رہے گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹرنے تعلیمی شعبے کیلئے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا .
یہاں واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس خطرناک حد بھی کراس کر گیا ہے جس کے نتیجہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس مزید 6زندگیاں نگل گیا جبکہ لاہور میں کرونا وائرس کے مزید 1380نئے مریض بھی سامنے آ گئے اسی طرح شہر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اومی کرون ویرینٹ کے بھی مزید 23نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اومیکرون ویرینٹ مریضوں کی تعداد 1018ہو گئی ہے .
علاوہ ازیں ) کورونا کیسز کی وجہ سے راولپنڈی میں مزید 14 سکولوں کو سربمہر کر دیا گیا ہے جو ایس او پیز کے بعد 8 فروری کو کھولے جائیں گے اور ابتک ضلع بھر میں 62 تعلیمی اداروں کو سربمہر کیا جا چکا ہے . یہ بات ترجمان محکمہ صحت راولپنڈی ڈاکٹر وقار احمد نے ایک بیان میں بتائی . انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں تعلیمی اداروں میں 5081 کورونا کے ٹیسٹ کئے گے ہیں جن میں 349 مریضوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے . انہوں نے کہا کہ 14 سکولوں میں 45 سٹوڈنٹس، اساتذہ اور سٹاف ممبران میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے .