مجھے فروری سے اسلام آباد کا مطلع ابرآلود نظرآرہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے فروری سے اسلام آباد کا مطلع ابرآلود نظرآرہا ہے، حکومتی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود لانگ مارچ ہوکر رہے گا، حکومت کی تمام چالیں دھری کی دھری رہ جائیں گی . میڈیا سیل پیپلزپارٹی کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی .


سابق وزرائے اعظم اور لانگ مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو27 فروری کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا . چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری کے لانگ مارچ کے حوالے سے سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کو اہم ٹاسک سونپ دئیے .

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے درمیان لانگ مارچ کے اہداف پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی .

بلاول بھٹو نے کہا کہ لانگ مارچ سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف مختلف حوالوں سے پروپیگنڈے کا آغاز ہوچکا ہے، کراچی سے اسلام آباد تک سلیکٹڈ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کو لانگ مارچ کی وجہ سے خاص طور پر ٹارگٹ کررہی ہے، حکومتی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود لانگ مارچ ہوکر رہے گا . بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومتی چالیں دھری کی دھری رہ جائیں گی، مجھے فروری سے اسلام آباد کا مطلع ابرآلود نظرآرہا ہے .
اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو فون کیا . جس میں بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی صحت سے متعلق فکرمندی کا اظہار کیا . بلاول بھٹو نے شہبازشریف کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی، اور جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا .

. .

متعلقہ خبریں