لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ق کی اعلیٰ قیادت چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت احتسابی عمل جاری رکھے لیکن سیاسی انتقام پر نہ اترے، بلدیاتی الیکشن سے پہلے مہنگائی کا خاتمہ اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوگا، اتحادی ہونے کے ناطے عوام پوچھتے ہیں مہنگائی کیوں کم نہیں ہوئی کیا جواب دیں؟ہم نیوز کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی، ملاقات میں گورنر پنجاب نے چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی، بلدیاتی انتخابات اور آئندہ کی سیاست میں تجاویز پر بات چیت ہوئی، چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہیٰ نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت اور پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہرمشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا .
چودھری شجاعت اور پرویزالہیٰ نے کہا کہ عوام پوچھتے ہیں مہنگائی کیوں کم نہیں ہوئی کیا جواب دیں؟ حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے ہم سے بھی سوال پوچھتے ہیں، حکومت کو چاہیے مہنگائی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے، بلدیاتی الیکشن سے پہلے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوگا .
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت احتساب کے عمل کو جاری رکھے لیکن سیاسی انتقام پر نہ اترے .
چودھری شجاعت نے کہا کہ بیان بازی اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش روک کر ایک میز پر بیٹھنا چاہیے، اگر حکومت مہنگائی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ پلان پیش کرے گا تو ق لیگی ارکان پارلیمنٹ سے کہیں گے کہ وہ ان کی بات کو توجہ سے سنا جائے ، اس وقت ملک میں کسی کو لانے یا لانے کی باتوں کی بجائے اہم مسائل کی طرف توجہ دی جائے، پنجاب اسمبلی نے مثالی قانون سازی کی ہے اس کا مقصد عوامی ریلیف کو یقینی بنانا ہے . اس پرگورنر چودھری سرور نے کہا کہ حکومت عوامی فلاحی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے، مختلف پلان زیرتجویز ہیں اور بہت سارے منصوبوں پر عمل بھی کیا جارہا ہے .