سرگودھا (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تبدیلی کے نام پر تباہی مچا دی ، ہم اس سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے میدان میں نکلے ہیں ، 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کا رخ کریں گے . تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ ہم نے شروع سے ہی انہیں سلیکٹڈ کہا ہے ، ان کی ناکامی کا بوجھ غریب عوام پر پڑے گا ، ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا کیا بنا؟ ان ظالموں نے تو غریب کے سر سے چھت چھین لی ، اسلام آباد پہنچ کر اپنے مطالبات حکومت اور دنیا کے سامنے رکھیں گے ، جب بھی پیپلز پارٹی نکلی ہے ہمیشہ ظالم کو نقصان ہوا ہے اور تاریخ میں لکھا جائے گا جیالے دیوار بن کر کٹھ پتلی کے آگے کھڑے تھے .
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی قائد عوام شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کی پارٹی ہے اور قائد عوام نے اس جماعت کے لیے 4 اصول دیئے ، بے نظیر بھٹو نے ان اصولوں میں اضافہ کرکے 5 کر دیئے تھے ، جمہوریت ہماری سیاست اور مساوات ہماری معیشت ہے ، ہم نے پچھلے ہفتے ملک بھر میں کسان مارچ کیا اور ملک میں ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے ، جہاں کسان یوریا کے بحران پر احتجاج کر رہے ہیں کیوں کہ جب سے یہ ناکام حکومت آئی ہے ہماری زراعت تباہ ہو گئی ہے جو ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے .
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر مشکل وقت میں ملک کو بحران سے نکالا اور ہم مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے بی آئی ایس پی پروگرام لائے ، پیپلز پارٹی نے پنشنز اور تنخواہوں میں اضافہ کیا لیکن آج عوام کے انسانی و معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں ، وزرا کہتے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی ہے ہی نہیں لیکن عوام کو معلوم ہے کہ مہنگائی ہے اور اس کا ذمہ دار عمران نیازی ہے ، اس لیے ہم اس کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے .