بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کردیا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ملی بھگت کرکے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کروایا، چیئرمین سینیٹ کے متعصبانہ کردار پر افسوس ہے . میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی جمہوریت پسندوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں، بلاول بھٹو نے ایوان میں یوسف رضا گیلانی کے بیان کو سراہا .


انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جمہوریت کیلئے خدمات ہیں، یوسف رضا گیلانی نے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کے نمائندے خود کا احتساب کرتے ہیں .
بلاول بھٹو نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر چیئرمین سینیٹ کے متعصبانہ کردارپرافسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ملی بھگت کرکے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کروایا .

واضح رہے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے . انہوں نے سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا ، اس لیے بحیثیت اپوزیشن لیڈر اپنا استعفیٰ پارٹی کو دے دیا ہے . یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین اور اسپیکر ایوان کے کسٹوڈین ہوتے ہیں اور وہ ہاؤس کی نمائندگی کرتے ہیں، حکومت کی نہیں ، اس لیے چیئرمین اور اسپیکر کا کردار غیرجانبدار ہونا چاہیے ، بل پر ووٹنگ پر 30 منٹ کے لیے چیئرمین نے اجلاس ملتوی کیا ، آپ نے حکومت کو سہولت دی اپوزیشن کو نہیں .
انہوں نے کہا کہ اتنے اہم ایجنڈے کے لیے موقع ملنا چاہیے تھا، ملکی سطح کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن نہیں لیا گیا ، کمیٹیاں اس لیے بنائی گئی ہیں تاکہ وہاں بحث ہو لیکن یہ بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا ، 27 جنوری کو ایجنڈا میرے اسٹاف کو رات 11 بج کر 50 منٹ پر اور میرے گھر ایک بجے پہنچا ، رات کے وقت بل کو ایجنڈے پرلانا مناسب نہیں تھا .

. .

متعلقہ خبریں