شیخو پورہ (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ارد گر د لوگ خوش جب کہ 22کروڑ عوام کا پاکستان رو رہا ہے . ساڑھے تین برسوں میں ہر سکینڈل میں پی ٹی آئی کے وزیروں کے نام آئے .
حکومت غریبوں پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے . بجلی کی قیمت میں تین روپے فی یونٹ مزید اضافہ کردیا گیا . گزشتہ 70 برسوں میں 31ہزار ارب اور پی ٹی آئی کے تین برسوں میں 21ہزار ارب قرضہ لیا گیا . انہوں نے قائداعظم کے قائم کردہ سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا . موجودہ حکومت نے کشمیر بھارت کو پلیٹ میں رکھ کر دے دیا .
شیخو پورہ میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر حکومت کا ساتھ دیا . ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی ہو یا سٹیٹ بنک آئی ایم ایف کو دینے کا معاملہ، ن لیگ اور پی پی حکومت کے ساتھ کھڑی تھیں .
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں . اگر جھوٹ بولنے کے مقابلے ہوتے تو ہمارے وزیراعظم کے حصے میں ورلڈ کپ آتا . پی ٹی آئی نے ریاست مدینہ کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا . موجودہ حکومت کے دور میں ادارے دست وگریبان ہیں . پی ٹی آئی حکومت ملکی تاریخ کا پہلا سیٹ اپ ہے جس نے الیکشن کمیشن پر حملے کیے .
سراج الحق کے مطابق وزیراعظم کہا کرتے تھے کہ ایک ہزار لوگ ان کے خلاف اکٹھے ہوگئے، تو مستعفی ہوجائیں گے . آج جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہر شہر میں ہزاروں لوگ پی ٹی آئی پر عد م اعتماد کررہے ہیں . وزیراعظم کم از کم ایک وعدہ پورا کریں اور گھر جائیں . قوم ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے . حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں یہ ملک عوام کا ہے اورآخری فیصلہ بھی وہی کریں گے .
خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے مہنگائی،بے روزگاری، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف 101دھرنوں کا اعلان کیا ہے . گجرات کے بعد شیخوپورہ میں اتوار کو دوسرا دھرنا دیا گیا . دھرنے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی . مقررین اور سٹیج پر موجود اہم قائدین میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی مولانا جاوید قصوری،صوبائی سیکریٹری جنرل نصراللہ گورائیہ، سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف،امیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر و دیگر شامل تھے . دھرنے میں ضلع شیخوپورہ سے ایم این اے اور ایم پی اے کے امیدواران بھی شریک ہوئے . اس موقع پر خواتین، بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی .
. .