اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد سے پہلے اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں . سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہاکہ عمران خان تحریک عدم اعتماد سے پہلے اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں .
انہوںنے کہاکہ دو مہینے بہت اہم ہیں، عمران خان
کیلئے ایک کے بعد ایک کرائسز آئیں گے،اسی سال عام انتخابات بھی ہو سکتے ہیں . انہوںنے کہاکہ عمران خان کیلئے 23مارچ کا دن بہت اہم ہے ،عمران خان سے ایسے فیصلے کروائے جائیں گے جو مستقبل میں انکے لیے مسائل پیدا کر سکتے ہیں . منظور وسان نے کہاکہ آج باہر گھومنے والے کل جیل میں بھی ہو سکتے ہیں . انہوںنے کہاکہ اپوزیشن نے آپسی اختلافات اپنی جگہ لیکن تحریک عدم اعتماد پر سب متفق ہیں،حالات سے لگتا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی . صحافی نے سوال کیاکہ کیا 23 مارچ کی پریڈ میں عمران خان بطور وزیراعظم شریک ہونگے؟ . منظور وسان نے کہاکہ ممکن ہے عمران خان کی جگہ کوئی اور شرکت کرے . صحافی نے سوال کیاکہ اس سب کے پیچھے کون ہے جو ڈوریاں ہلا رہا ہے؟ . منظور وسان نے جواب دیا کہ پیچھے جو ہوتے ہیں وہ نظر نہیں آتے،حالات سنگین نظر آ رہے ہیں میں خلائی مخلوق پر یقین نہیں رکھتا.دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانے کے لئے ہمارے پاس نمبر پورے ہیں ،نمبر گیم کوئی مسئلہ نہیں،صرف بندوں کے کلیئر ہونے کی بات ہے کہ ہم نے کس کو لینا ہے اور کس کو نہیں ،23مارچ کو پریڈ بھی ہو گی اور لانگ مارچ بھی ہوگا ، سمجھیں حکومت کے خلاف تحریک عدم کامیاب ہو گئی اور جلد عوام کی نا لائق او رنا اہل ٹولے سے جان چھوٹے گی، تحریک عدم اعتماد کی تاریخ کو انتہائی خفیہ رکھا جائے گا . رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں سے رابطہ کرنا ہوتا ہے پہلے ان کی فہرست مرتب ہوتی ہے ، ہمارے نمبر پورے ہیں ، ہمارے نمبر کلیئر ہیں اب صرف لوگوں کا کلیئر ہونا باقی ہے کہ کن کو لینا ہے یا نہیں لینا . اب ہم حکومت کے خلاف بھرپور سنجیدگی کے ساتھ پیشرفت کر رہے ہیں ،حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہو گی ، سمجھیں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی ، حکومت کا جانا ٹھہر چکا ہے او ریہ جانے کی تیاری میں ہے ، عوام کی جلد نا لائق اور نا اہل ٹولے سے جان چھوٹے گی . انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 23مارچ کو پریڈ بھی ہو گی اور لانگ مارچ بھی ہوگا، اس روز دونوں چیزیں ہوں گی،انہوں نے پہلے سپیکر یا وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ ابھی طے نہیں ہوا . رانا ثنا اللہ نے پی ڈی ایم کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی حتمی تاریخ طے ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا اس کا اختیار پارٹی قائد نواز شریف اور اسی طرح دیگر جماعتوں نے اپنی قیادت کو دیا ہے ، اس کی جو بھی تاریخ طے ہو گی اسے انتہائی خفیہ رکھا جائے گا .
. .