کوئٹہ(قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھلاڑی حسیب اللہ خان نے انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں اپنی شاندار کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کر دیا، بلوچستان کے ضلع پشین کا ابھرتا ہوا بیٹسمین اور وکٹ کیپر حسیب اللہ خان کی شاندار پرفارمنس سے صوبے کے تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند ہونے لگے . گزشتہ روز ضلع پشین کا ابھرتا ہوا بیٹسمین اور وکٹ کیپر حسیب اللہ خان نے گورنر سے ملاقات کی .
اس موقع پر گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہر صلاحیت موقع کا محتاج ہوتا ہے اور موقع نہ ملنے کی صورت میں صلاحیت ضائع بھی ہو سکتی ہے . انہوں نے حسیب اللہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ میں انتھک محنت، بلند عزم اور مستقل مزاجی کے اوصاف پیدا کرنے سے کوئی بھی انسان کامیابی اور کامرانی کے عروج پر پہنچ سکتا ہے، ہمیں اپنے تمام قومی کھلاڑیوں پر فخر ہے، اس امید کے ساتھ کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن سے کھیل کر قوم کا سر فخر بلند کریں گے . گورنر بلوچستان نے کہاکہ حسیب اللہ خان کی کامیابی صوبے کیلئے اعزاز ہے اور بہت جلد وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بھی ملوں گا . یہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے ضروری ہے پی سی بی صوبے میں حسیب اللہ خان کی طرح دیگر باصلاحیت کھلاڑیوں کو ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کریں، گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے حسیب اللہ خان کی مزید کامیابی اور سرخروئی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا .
. .