اے این پی کا پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں شرکت کا فیصلہ

(قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں شرکت کا فیصلہ کرلیا .

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف اے این پی ہر قسم کے آئینی اقدامات کی حمایت کرے گی، اے این پی جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی .

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی تاريخ کی سب سے کرپٹ ترین حکومت ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکمرانوں کی طرز حکمرانی کا پردہ چاک کرچکی ہے، کرپشن کے ریکارڈ بنانے والے کو ایوارڈز سےنوازنا سمجھ بالاتر ہے .

میاں افتخار حسین نے کہا کہ اے این پی روزاول سے اس جعلی حکومت کو ماننے کیلئے تیار نہیں، موجودہ حکومت کا خاتمہ کیا جائے اور ملک میں نئے سرے سے شفاف انتخابات کا انعقاد کروایا جائے، بلوچستان سے لے کر خیبر پختونخوا تک پورے ملک میں دہشتگرد تنظيمیں منظم ہوچکی ہیں .

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ موجودہ حکومت کی غیر سنجیدگی اور نااہلی ہے، جب تک نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عملدرآمد نہیں کیا جاتا حالات مزيد خراب ہوں گے .

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما نے کہا کہ اختیارات کی نچھلی سطح تک منتقلی اے این پی کے منشور کا حصہ ہے، عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پوری طرح تیار ہے، عوام ان نااہل حکمرانوں کو مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں .

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق اے این پی کو آگاہ کیا، لانگ مارچ خوشی سے نہیں کررہے ہیں، مجبور ہوگئے ہیں .

انہوں نے کہا کہ عمران خان خوش نصیب ہیں کہ کمزور اپوزیشن ملی ہے، یہ بات کسی حد تک ٹھیک ہے، ریاست کو مضبوط کرنے کیلئے کئی مواقع دئیے، اب تو اس حکومت نے ثابت کیا کہ یہ نالائق ہیں .

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے خود بھی کہہ دیا کہ کابینہ میں کون لائق اور کون نالائق ہے، حقیقت یہ ہے کہ وزیراعظم سب سے زیادہ خود نالائق ہے، کابینہ کی نااہلی کی وجہ سے جن چیزوں کو کنٹرول کرسکتے تھے وہ بھی نہ ہوسکے .

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور 10 مارچ تک اسلام آباد پہنچیں گے، ہمارا مطالبہ ہوگا کہ وزیر اعظم استعفی دیں .

ان کا کہنا تھا کہ 32 سال میں کبھی ایسی پارلیمنٹ نہیں دیکھی، اب ہم بتائیں گے کہ اپوزیشن کتنی اہل ہے .

خورشید شاہ نے مارچ کب اور کیسے ہوگا یہ بھی بتاتے ہوئے کہا کہ دھرنا دینگے یا نہیں یہ فیصلہ وقت کو دیکھ کر مشاورت سے کیا جائے گا، لانگ مارچ کیلئے سب پارٹیوں کیساتھ رابطہ میں ہیں .

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ ہوتا ہے، دوسرے مرحلے میں ہم بھرپور انداز کیساتھ آگئے بڑھیں گے .

. .

متعلقہ خبریں