(قدرت روزنامہ)شمالی وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ پر جوانوں نے خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا .
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع دوسالی میں خودکش دہشت گرد نے ہتھیاروں سے فائرنگ کرکے فوجی چوکی میں گھسنے کی کوشش کی .
ترجمان پاک فوج کے مطابق خودکش حملہ آور دہشت گرد نے ہتھیار سے فائرنگ اور گرنیڈ سے حملے کی بھی کوشش کی تاہم فوجی پوسٹ پر جوان ایسے کسی حملے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح چوکس تھے .
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوجی جوانوں نے خودکش حملے کا فوری اور موثر جواب دیتے ہوئے دہشت گرد کو ہلاک کر دیا .
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جب کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت شریف کے نام سے ہوئی ہے جو سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا .
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کے فوری ردعمل کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا .
. .