امارات واپس جانے کیلئے کوشاں محنت کش پاکستانیوں کیلئے مایوس کن خبر

دبئی (قدرت روزنامہ) امارات واپس جانے کیلئے کوشاں محنت کش پاکستانیوں کیلئے مایوس کن خبر، ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان سے متحدہ عرب امارات کیلئے مسافر پروازوں پر عائد پابندی میں مزید توسیع کر دی . تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان سمیت بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں پروازوں کی منسوخی میں 7 اگست تک توسیع کر دی ہے .

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ائیرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے 14 دنوں میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش یا سری لنکا کا سفر کرنے والے مسافروں کو کسی بھی دوسرے راستے سے یو اے ای میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی . رپورٹ کے مطابق کورونا کی ڈیلٹا قسم سامنے آنے کے بعد یہ پاکستان اور بھارت سے پروازوں پر سفری پابندی کی تازہ ترین توسیع ہے . متحدہ عرب امارات کے شہری، گولڈن ویزا کے حامل اور سفارتی مشن کے ممبران، جو کورونا کے پروٹوکول کی تعمیل کرتے ہیں وہ اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں . خیال رہے کہ اس سے قبل اتحاد ائیرلائن نے بھی پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے متعدد ممالک سے پروازوں پر پابندی میں توسیع کی تھی . متحدہ عرب امارات نے کورونا کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاو کی وجہ سے اپریل کے ماہ میں پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک سے براہ راست پروازوں کی آمد پر پابندی عائد کی تھی، جس کی وجہ سے پاکستان چھٹی پر آئے محنت کش پاکستانیوں کی بڑی تعداد امارات واپس جانے سے قاصر ہیں . موجودہ صورتحال کی وجہ سے ان محنت کشوں کو خدشہ ہے کہ جلد واپس نہ جانے کی صورت میں کہیں ان سے ان کی نوکریاں نہ چھن جائیں . . .

متعلقہ خبریں