فخر زمان نے پی ایس ایل میں بابر اعظم کا ریکارڈ توڑ دیا

لاہور(قدرت روزنامہ) فخر زمان نے پاکستان سپر لیگ کے 7ویں ایڈیشن میں چھٹی مرتبہ ففٹی پلس سکور بنا کر بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے . اپنی ناقابل یقین فارم کو جاری رکھتے ہوئے فخر زمان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف نصف سنچری بنا کر بابر اعظم کا پی ایس ایل میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اننگز کا ریکارڈ توڑ دیا .

فخر زمان پاکستان سپر لیگ 7 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے زبردست فارم میں ہیں .
جارح مزاج اوپنر نے پی ایس ایل 7 کی 7 اننگز میں 5 نصف سنچریاں اور ایک سنچری بنائی ہے . کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اپنی پانچویں ففٹی کے ساتھ فخر زمان نے پاکستان سپر لیگ کے ایک ہی ایڈیشن میں سب سے زیادہ ففٹی پلس باریاں کھیلنے کا بابراعظم کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جو انہوں نے 5 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ پی ایس ایل 3 میں قائم کیا تھا .

پشاور زلمی کے کامران اکمل نے بھی اسی سیزن میں ایک سنچری اور 4 نصف سنچریوں سمیت 5 ففٹی پلس سکورز بنائے تھے .

فخر زمان اس وقت پی ایس ایل 7 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے اب تک 67 کی اوسط سے 469 رنز بنائے ہیں . ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر ہونے کے ناطے فخر زمان حنیف محمد کیپ کے موجودہ مالک ہیں . کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اپنی نصف سنچری کے بعد ڈیشنگ بلے باز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونچی کو بھی پیچھے چھوڑ کر پی ایس ایل کے ایک ہی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے .
لیوک رونچی نے پی ایس ایل 3 کے 11 میچوں میں 435 رنز بنائے تھے . فخر زمان اب پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں . انہوں نے 2017ء میں لاہور قلندرز کے لیے اپنے ڈیبیو کے بعد سے اب تک 1820 رنز بنائے ہیں، وہ بابر اعظم کے 2323 رنز اور کامران اکمل کے 1896 رنز کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں . پی ایس ایل 7 میں فخر زمان کی ناقابل یقین فارم نے لاہور قلندرز کو پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بننے میں مدد کی ہے .

. .

متعلقہ خبریں