اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئرصحافی محسن بیگ کے بیٹے حمزہ بیگ کو بھی گرفتار کر لیا گیا . ذرائع کے مطابق حمزہ بیگ کو تھانہ مارگلہ منتقل کر دیا گیا .
حمزہ بیگ کو آج (جمعرات کو ) انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا . دوسری جانب آل پاکستان نیوز ایجنسیزکونسل نے آن لائن نیوزایجنسی کے چیف ایڈیٹر سینئر صحافی محسن جمیل بیگ کی ایف آئی اے اور پولیس کی طرف سے گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر صحافی کے خلاف دائر تمام مقدمات ختم کر کے فوری رہا کیا جائے . بدھ کو جاری مذمتی
بیان میں آل پاکستان نیوز ایجنسیز کونسل کے نائب صدور عمار یاسر، طارق محمود سمیر ، سیکرٹری جنرل شکیل احمد ترابی نے پاکستان نیوز ایجنسیز کونسل کے صدر محسن جمیل بیگ کی گرفتاری کی شدید مذمت کی . بیان میں سینئرصحافیوں نے آزادی اظہار پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے . نیوزایجنسیز کونسل کے رہنماؤ ں نے کہا کہ حکومتی کی جانب سے مذموم ہتھکنڈے استعمال کرکے اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبایا جارہا ہے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں . بیان میں کہاگیاکہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ سینئر صحافی کے خلاف دائر تمام مقدمات ختم کئے جائیں اور محسن بیگ کے گھر میں بغیر وارنٹ داخل ہونے والے اہلکاروں اوران کے سربراہان کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے . انہوںنے کہاکہ محسن بیگ کی گرفتاری بدترین انتقامی کارروائی،، گھٹیا اور آمرانہ سوچ کا نتیجہ ہے .
. .