مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے دورہ پاکستان کے دوران عمران خان سے ملاقات میں نتیجہ خیز گفتگو پر شکریہ ادا کردیا . تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان اور فیصل سلطان کے ہمراہ ایک تصویر شئیر کی اور کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر نتیجہ خیز بات چیت کے لیے عمران خان کا شکرگزار ہوں .


بِل گیٹس نے لکھا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے عزم کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں . اور پُر امید ہوں کہ اگر ہر کوئی چوکنا اور ہوشیار رہے تو ہم پولیو کا خاتمہ کرسکتے ہیں .

یاد رہے کہ گذشتہ روز مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس نے پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، بل گیٹس نے اپنے مختصر دورے میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی .

اسلام آباد میں انہوں نے انسدادپولیو پروگرام کا دورہ کیا . انہیں انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بریفنگ دی اور کورونا سمیت پولیوکی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا . اس موقع پر معاون خصوصی براے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود رہے . ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں .
ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پاکستان کے پولیو ورکرز، ہیلتھ ورکرز اور والدین کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہے، پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائے گا . اسلام آباد میں گذشتہ روز بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد کی گئی، صدر مملکت عارف علوی نے بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا .
وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی اور وفاقی وزرا تقریب میں شریک تھے . تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس بعد مائیکروسافٹ کے بانی کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا . صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو نشانِ پاکستان کے بعد دوسرا بڑا اعزاز ہلال پاکستان سے بھی نوازا .

. .

متعلقہ خبریں