اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے . تفصیلات کے مطابق تجزیہ کاروں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کی مرکزیت نواز شریف ہیں،مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے .
وزیراعظم کی مقبولیت میں کمی کی وجہ ان کے اپنے بیانات ہیں اب تو وزیراعظم پرفارم نہ کرنے کا اعتراف بھی کررہے ہیں، تجزیہ کار اطہر کاظمی نے کہا کہ 2018ء میں نواز شریف کی مقبولیت کا گراف 53 فیصد تھا اگر کسی سروے کی بنیاد پر ہم یہ فیصلہ کردیں کہ الیکشن میں کامیابی میاں نواز شریف کو ملے گی تو پھر 2018ء میں نواز شریف جن کی مقبولیت کا گراف 53 فیصد اور عمران خان کا 50 فیصد تھا پھر تو الیکشن نواز شریف کو جیتنے چاہئیے تھے .
تجزیہ کاروں کے مطابق ووٹ کارکردگی کی بنیاد پر دیئے جاتے ہیں اور بالکل ایسا ہوگا کہ عمران خان کی اپروول ووٹنگ ریٹنگ میں کمی آئی ہوگی کیونکہ جب کوئی حکومت میں آجاتا ہے تو پھر اس سے بہت سارے تحفظات بھی پیدا ہوجاتے ہیں . خیبر پختونخواہ کی مثال موجود ہے جہاں پی ٹی آئی کو اس طرح کامیابی نہیں ملی جس طرح ماضی میں ملا کرتی تھی . یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کارکردگی کے حوالے سے سامنے آنے والی حالیہ سروے رپورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی کارکردگی سے پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ شہریوں کو مطمئن کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں .
اس حوالے سے قومی اخبار روزنامہ جنگ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 58 فیصد ، خیبرپختونخوا میں 46 فیصد جبکہ سندھ میں 51 فیصد نے نواز شریف سے مطمئن ہونے کا کہا . لیکن وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی سے خیبر پختونخوا ، سندھ اور پنجاب میں مطمئن افراد کی شرح میں کمی دیکھی جارہی ہے . خیبرپختونخوا میں فروری 2020ء میں 67 فیصد کارکردگی سے مطمئن تھے لیکن اب 44 فیصد نے مطمئن ہونے کا کہا .
پنجاب میں 51 فیصد سے کم ہوکر 33 فیصد جبکہ سندھ میں ان کی کارکردگی پر 33 فیصد نے اطمینان کا اظہا ر کیا . ن لیگ کے رہنما شہباز شریف پنجاب میں 58 فیصد کے ساتھ نواز شریف کے برابر ہیں . سندھ میں 41 فیصد کے ساتھ دوسرے اور خیبرپختونخوا میں 43 فیصدکے ساتھ عوام کو مطمئن کرنے والے رہنماؤں میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں . جبکہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں مطمئن افراد کی شرح میں اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن سندھ اور خیبرپختونخوا میں پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے . اس بات کا انکشاف گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے میں ہوا . جس میں 5 ہزار سے زائد افراد نے ملک بھر سے حصہ لیا .