راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی
کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا . پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا .
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت حبیب نواز عرف شکیل، وحید اللہ، عبدالرحمان اور محمد اللہ کے ناموں سے ہوئی جبکہ پانچویں کی شناخت کی جارہی ہے . مذکورہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے . ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر ایمونیشن برآمد ہوا، جن میں مشین گنز، دستی بم اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی شامل ہیں . قبل ازیں دہشت گردوں سے دو طرفہ مقابلے میں 28 سالہ سپاہی شبیر احمد نے جام شہادت نوش کیا . آئی ایس پی آر کے مطابق شبیر احمد کا تعلق بلوچستان کے علاقے کوئٹہ سے تھا . اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں .
. .