ہمیں اپنے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے شجر کاری کرنی چاہئے، ظہور بلیدی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے موسم بہار شجر کاری مہم کی مناسبت سے اور پلانٹ فور پاکستان ڈے کے موقع پر گورنمنٹ عطاء شاد ڈگری کالج تربت کے مقام پر پودا کاشت کرکے ضلع کیچ میں باقاعدہ شجر کاری مہم کا آغاز کردیا . اس موقع پر کمشنر مکران شبیر احمد مینگل،ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ، پرنسپل عطاء شاد ڈگری کالج تربت امان اللہ بلوچ، ڈویڑنل فارسٹ آفیسر نصرت بلوچ، فورسٹ کنزرویٹر مکران عبدالوحید بلوچ، دیگر لائن ڈیپارٹمنٹ کے آفیسران اور بوائز سکاؤٹ تربت کے رضاکاروں کی ایک بہت بڑی تعداد شجر کاری مہم میں شریک تھی .

اس دوران صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے بڑھ چڑھ کر شجر کاری مہم میں حصہ لینا چاہیے تاکہ وطن عزیز کو آلودگی سے پاک کیا جاسکے . اس دوران انہوں نے شجر کاری مہم میں شامل افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس مہم میں بھرپور حصہ لے کر محکمہ جنگلات کے اہلکاروں سے تعاون کریں اور اس شجر کاری مہم کو کامیاب بنا کر معزز شہری ہونے کا ثبوت دیں . انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم شجر کاری مہم میں پودا کاشت کرنے کے علاوہ آنے والے وقتوں میں اس کی باقاعدہ آبیاری کی بھی ذمہ داری اٹھائیں تاکہ مستقبل میں یہ پودے تناور درخت بن کر ملک کو سرسبز و شاداب کرسکیں . دریں اثناء انہوں نے گورنمنٹ عطاء شاد ڈگری کالج تربت کے مختلف بلڈنگ بلاکس کی تزئین و آرائش اور کالج کے زمین کی ہمواری (لیولنگ) اور کالج کے احاطے میں گرین ایریا قائم کرنے کے لیے کالج کے پرنسپل سے صلاح و مشورے کیا اور اس حوالے سے محکمہ بی اینڈ آر کے حکام کو کنسلٹنٹ کے ساتھ ملکر باقاعدہ ایک ماسٹر پلان بنانے کی بھی ہدایات جاری کی . بعد ازاں صوبائی وزیر منصوبہ بندی اور ترقیات میر ظہور احمد بلیدی کی ہدایت پر ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ نے شجر کاری مہم کے حوالے سے اپنے دفتر میں ایک میٹنگ بھی بلائی جس میں تمام محکموں کے ضلعی سربراہان شامل تھے . اس دوران ڈی سی کیچ نے تمام محکموں کے افسران کو محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے ساتھ ملکر شجر کاری مہم میں حصہ لینے کی ہدایت کی . اس موقع پر ڈی سی کیچ نے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کو شجر کاری مہم میں پودا کاشت کرنے کے لیے مختلف اہداف(ٹارگٹ) دیے . قبل ازیں ڈویڑنل فارسٹ آفیسر نصرت بلوچ اور فارسٹ کنزرویٹر مکران عبدالوحید بلوچ نے میڈیا کے نمائندوں کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ پلانٹ فور پاکستان ڈے کی مناسبت سے شجر کاری مہم کا آغاز کا آغاز صوبے بھر میں کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے مکران ڈویڑن کے تینوں اضلاع کیچ،پنجگور اور گوادر میں تقریباً 25 ہزار پودے سرکاری محکموں کے ذریعے کاشت اور دیگر 25 ہزار پودے عوامی حلقوں میں شجر کاری مہم کے حوالے سے تقسیم کیے جائیں گے .

. .

متعلقہ خبریں