اپوزیشن اجلاس کی اندرونی کہانی، زرداری نے شہباز شریف کا نام بطور وزیراعظم پیش کردیا

(قدرت روزنامہ)اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں آصف زرداری نے شہباز شریف کا نام بطور وزیراعظم پیش کردیا .

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے گھر اپوزیشن کے بڑوں کی بیٹھک ہوئی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے علاوہ دیگر رہنما بھی موجود تھے .

ملاقات میں حکومت کے خلاف اپوزیشن کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی .

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم نے پہلے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر اتفاقِ کر لیا جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد بعد میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے .

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا ٹاسک سابق صدر آصف علی زرداری کے سپرد کردیا اور اس کے علاوہ اجلاس میں آصف علی زرداری کو حکومتی اتحادی جماعتوں سے معاملات طے کرنے کا بھی اختیار دے دیا گیا ہے جب کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد اچانک لانے پر بھی اتفاق کرلیا گیا .

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام بطور وزیراعظم کے پیش کر دیا .

دوسری جانب  مولانا فضل الرحمان اور ویڈیو لنک پر موجود مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے بھی وزیراعظم کے لیے شہباز شریف کے نام پر اتفاق کرلیا جب کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد نئی حکومت کے حوالے سے بھی معاملات طے پا گئے .

اجلاس میں آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے اپنے اپنے سیاسی کارڈز ایک دوسرے سے شیئر کئے، شہباز شریف نے نمبر گیم کے حوالے سے اجلاس کے شرکا کا تفصیلی بریفنگ دی . اجلاس کے شرکا کا نمبر گیم کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا .

آصف علی زرداری نے اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی سے ہونے والے مثبت رابطوں کے حوالے سے آگاہ کیا .

آصف علی زرداری مسلم لیگ ق سے آج ہونے والی ملاقات میں معاملات کو حتمی شکل دیں گے اور حکومتی اتحادیوں کے ساتھ طے پانے والے معاملات کے بارے میں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کو آگاہ رکھیں گے اور اس کے بعد تینوں قائدین وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کریں گے .

واضح رہے گزشتہ روز بھی پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم رہنماؤں کی بلاول ہاؤس لاہور میں اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں آصف زرداری اور شہباز شریف بھی موجود تھے، اس دوران  تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پرمشاورت کی گئی تھی .

. .

متعلقہ خبریں