(قدرت روزنامہ)روس کی فوج نے یوکرین پر حملہ کر دیا ہے، یوکرین کے وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ جارحیت کی جنگ ہے، یوکرین اپنا دفاع کرے گا اور جیت جائے گا .
یوکرین کے وزیرِ خارجہ کی طرف سے روسی حملے کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں یہ بات کہی گئی ہے .
ان کا مزید کہنا ہے کہ کہ روسی صدر پیوٹن نے یوکرین پر مکمل حملہ کیا ہے، یوکرین کے پُرامن شہر روسی حملوں کی زد میں ہیں .
یوکرینی وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دنیا پیوٹن کو روک سکتی ہے اور اسے روکنا چاہیے، اب عمل کرنے کا وقت ہے .
یوکرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے شہر برووری میں روسی افواج کی شیلنگ سے 1شخص ہلاک اور 1 زخمی ہوا ہے .
یوکرین کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق یوکرین بھر میں روسی فوجوں کی جانب سے شیلنگ جاری ہے .
روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے یوکرین کے ریجن لوہانسک میں یوکرینی طیارہ مار گرایا ہے .
یوکرین پر روسی حملوں میں تیزی آ گئی ہے، تاہم اب یوکرینی فوج کی جانب سے 5 روسی طیاروں اور 1 ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے .
یوکرین کے اس دعوے کی روس کی جانب سے تردید کی گئی ہے .
روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین کے ایئر ڈیفنس کو تباہ کر دیا ہے .
جاری کیے گئے بیان میں روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے یوکرین کے ایئر بیسز کا انفرا اسٹرکچر ناکارہ بنا دیا ہے .
روسی وزارت دفاع نے یوکرین کے شہروں پر میزائل اور آرٹلری حملوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس یوکرین کے ملٹری انفرا اسٹرکچر، ایئر ڈیفنس اور ایئر فورسز کو نشانہ بنا رہا ہے .
روسی حملے کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دھماکے بھی سنے گئے ہیں جبکہ پورے یوکرین میں مارشل لاء نافذ کر دیا گیا ہے .
یوکرین کے صدر زیلنسکی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مارشل لاء کا نفاذ پورے ملک پر ہو گا .
ان کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین کے انفرا اسٹرکچر، بارڈر گارڈز پر میزائل حملے کیے ہیں .
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم مضبوط ہیں، ہر چیز کے لیے تیار ہیں، ہم ہی جیتیں گے .
برطانوی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین پر خصوصی فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے یوکرین کی فوج سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے .
صدر پیوٹن نے دھمکی دی ہے کہ بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا .
پیوٹن کے مطابق یہ فوجی آپریشن یوکرین کی دھمکیوں کے جواب اور اسلحے سے پاک خطے کے لیے ہے .
روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سول طیاروں کے لیے یوکرین کی فضائی حدود بند کر دی گئی ہے .
یوکرین سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز کے لیے فضائی حدود کی بندش کا نوٹم بھی جاری کر دیا ہے .
یوکرین کی جانب سے روس کے مختلف شہروں پر حملے کی سرکاری سطح پر تصدیق کی گئی ہے .
روسی حملے کے بعد یوکرین کا پہلا بیان سامنے آیا ہے جس میں یوکرینی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت کیف، ماریوپول، اڈیسہ اور دیگر شہروں پر حملے ہوئے ہیں .
یوکرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ روس نے بیلیسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے .
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسہ میں پہنچ گئی ہے .
روسی فوج کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر میزائل حملے کیے گئے ہیں .
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف کے علاوہ ماریوپول اور بندرگاہ بلیک سی پورٹ اڈیسہ میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں .
روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی اور تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے .
سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوٹریس نے روس پر زور دیا ہے کہ پیوٹن اپنی فوج کو یوکرین پر حملے سے روکے، صدر پیوٹن امن کو موقع دیں، پہلے ہی کئی لوگ مر چکے ہیں .
سلامتی کونسل کاہنگامی اجلاس یوکرین کی درخواست پر بلایا گیا ہے، 3 روز کے دوران سلامتی کونسل کا یہ دوسرا ہنگامی اجلاس ہو گا .
روس کا آپریشن درست ہے: روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ نے سلامتی کونسل کو مشرقی یوکرین پر روسی حملے سے آگاہ کر دیا .
روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت روس کا آپریشن درست ہے .
یوکرین کےسفیر برائے اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل میں بیان دیا ہے کہ روس نے جنگ کا اعلان کیا ہے، روس کو جنگ سے روکنا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی ذمے داری ہے .
امریکی سفیر برائے اقوامِ متحدہ نے سلامتی کونسل میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے خلاف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج قرار داد پیش کریں گے .
امریکی سفیربرائےیواین کا کہنا ہے کہ جس وقت ہم یہاں امن کے خواہاں ہیں، اسی وقت پیوٹن نے جنگ کا پیغام دیا ہے .
برطانوی سفیر برائے اقوامِ متحدہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مشرقی یوکرین میں روسی فوجی کارروائی بلا اشتعال اور بلا جواز ہے .
امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کا امریکا اور اتحادی متحد اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے .
امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ روسی اقدامات پر مضبوط اور متحد ردِ عمل کے لیے نیٹو سے رابطہ کریں گے، یوکرین پر روسی حملہ تباہ کن انسانی نقصان کا سبب بنے گا .
انہوں نے کہا ہے کہ یوکرین پر حملے پر دنیا روس کو جواب دہ ٹھہرائے گی، اس روسی حملے کے نتائج پر آج قوم سے خطاب کروں گا .
نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے یوکرینی علاقے پر روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی حملے سے شہریوں کی جانوں کو خطرہ ہے .
انہوں نے کہا کہ نیٹو اتحادی روس کی نئی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ملاقات کریں گے، ہم اس خوفناک وقت میں یوکرین کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں .
نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیٹو تمام اتحادیوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا .
روس پر یوکرین کے حملے کے بعد عالمی منڈی میں سونے اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے .
عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل 101 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلا گیا ہے جبکہ سونے کی قیمت 40 ڈالر فی اونس بڑھ گئی ہے .
سنگاپور مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل 101 ڈالر 22 سینٹس پر پہنچ گیا، ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 96 ڈالر 42 سینٹس پر ٹریڈ ہو رہا ہے، جبکہ گیس کی قیمت 4 فیصد اضافے سے 4 ڈالر 80 سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی ہے .
واضح رہے کہ روس کے یوکرین پر حملوں کے بعد ایشیائی اسٹاک مارکیٹس مندی کی لپیٹ میں ہیں .
روس کے یوکرین پر حملوں کے بعد ایشیائی اسٹاک مارکیٹس مندی کی لپیٹ میں آ گئیں .
جاپان، آسٹریلیا، چین، سنگاپور اور دیگر اسٹاک مارکیٹس میں 3 فیصد تک مندی ریکارڈ کی گئی ہے .
سینسیکس انڈیکس میں 1400 پوائنٹس سے زائد مندی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ ممبئی میں دوران ٹریڈنگ انڈیکس 55 ہزار 800 پوائنٹس کی سطح پر موجود ہے .
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی آج کاروبار کا منفی آغاز ہوا ہے .
بڑے زرعی ملک یوکرین پر حملے کے بعد بین الاقوامی سطح پر غلے کی قیمتوں میں 5 فیصد تک اضافہ ہوا ہے .
سنگاپور کی مارکیٹس میں گندم کی قیمت میں 5.5 فیصد، مکئی میں 4 اور سویا بین کی قیمت میں 2 فیصد تک اضافہ ہوا ہے .
. .