راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں آپریشنز کے دوران 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا .
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا اور دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ و بارود، آلات، سب مشین گنز برآمد ہوئیں .
آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے . دہشتگرد اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے .
ہلاک دہشتگردوں کی شناخت محمد علی، مطیع اللہ، محمد عمر، اختر حسین، شیر اور وسیم کے نام سے ہوئی .
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا . آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا . دہشتگرد ملحقہ قبائلی اضلاع میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے . اس دوران سیکیورٹی فورسز نے ایک غار کو گھیرے میں لیا جہاں چھپے ہوئے دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی . اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد مارا گیا .
. .