ماں! میں آپ سے محبت کرتا ہوں، روس کے حملے کے دوران یوکرینی فوجی کی ویڈیو وائرل

(قدرت روزنامہ)روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے دوران ایک یوکرینی فوجی کی ویڈیو وائرل ہوگئی جو بمباری کے دوران اپنے والدین سے محبت کا اظہار کررہا ہے .  

ممتا جیسی نعمت کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی اور نہ ہی ماں کا کوئی نعم البدل دنیا میں موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ انسان اپنی پیدائش سے لے کر بڑھاپے تک جب جب تکلیف میں ہوتا ہے تو اس کی زبان سے سب سے پہلے ماں کا لفظ ہی نکلتا ہے .

ویسے تو فوجیوں کو بہت سخت ٹریننگ دی جاتی ہے اور انہیں ہر قسم کے مراحل سے گزارا جاتا ہے تاکہ وہ نہ صرف دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکیں بلکہ سرحد پر تنہا زندگی گزارنے کے عادی بھی ہوجائیں اور ایسے درجنوں واقعات دیکھے گئے ہیں جب فوجی جوان تمام مشکلات کے باوجود قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹتا لیکن روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے دوران ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہورہی ہے .

روس نے جیسے ہی یوکرین پر چڑھائی کی تو یوکرین کی سرحد پر موجود فوجی جوان نے فوری طور پر ویڈیو بنانا شروع کردی جس میں وہ اپنی ماں کو پکار رہا ہے اور روس کی جانب سے حملے اور بمباری کی اطلاع دے رہا ہے .

وائرل ویڈیو میں یوکرینی فوجی کہتا ہے ’’ ماں! پاپا! میں آپ سے محبت کرتا ہوں ،، اور اس وقت ہم شدید بمباری کی زد میں ہیں‘‘ .

واضح رہے روسی صدر ولادی میر پیوتن کی یوکرین کے مشرقی علاقوں میں فوجی کارروائیاں شروع کرنے کے بعد خطے کی صورت حال ہر لمحے تبدیل ہورہی ہے اور یوکرائن کی بارڈر گارڈ سروس کے مطابق روسی فوجیوں کے قافلے شمالی چرنیہیو اور سومی کے علاقوں اور مشرقی لوہانسک اور خارخیو کے علاقوں سے یوکرائن میں داخل ہو گئے ہیں .

روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ روسی افواج نے یوکرائن کے 11 ائیر بیسز سمیت 70 سے زائد فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے .

دوسری جانب  یوکرائن نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوج شمالی اور مشرقی یوکرائن میں داخل ہوگئی ہے جبکہ اُس کی فوجوں نے 50 روسی فوجی ہلاک کر دیے ہیں .  یوکرائن کی فوج نے روس کے 5 لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ روس کی وزارتِ دفاع نے کسی لڑاکا طیارے یا ہیلی کاپٹر کے مار گرائے جانے کی تردید کی ہے .

ادھر روس کی جانب سے حملوں کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف سے ہزاروں لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا شروع کردیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں