وزیرِ اعظم نے ماسکو میں اصولی مؤقف پیش کیا: فرخ حبیب

(قدرت روزنامہ)وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک بار پھر ماسکو میں اپنے اصولی مؤقف کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے .

یہ بات وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ روس کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے .

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا مؤقف ہے کہ طاقت کا استعمال کسی بھی تنازع کا حل نہیں، روس اور یوکرین کو مذاکرات سے مسئلہ حل کرنا چاہیے .

وزیرِ مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا دورۂ روس ثبوت ہے کہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی چاہتا ہے، پاکستان اقتصادی ترقی کے لیے تنازعات کے بجائے پائیدار امن کے لیے کوشاں ہے .

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورے کی ٹائمنگ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، سوالات اٹھانے والے جان لیں کہ وزیرِ اعظم بڑے میچ کے بڑے کھلاڑی ہیں .

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی روس میں مسئلہ کشمیر، افغانستان، توانائی کے شعبے میں تعاون، دو طرفہ تعلقات اور اسلاموفوبیا پر بات ہوئی .

وزیرِ مملکت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نہ کبھی جھکیں گے، نہ پاکستانیوں کو جھکنے دیں گے .

. .

متعلقہ خبریں