خیرپور (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے دو دن کے عوامی مارچ سے وزیراعظم گھبرا گیا، پیٹرول10 اور بجلی5 روپے سستی کردی، سوچو! اسلام آباد پہنچنے کے بعد پٹرول اور بجلی کی قیمت کتنی کم ہوسکتی ہے؟ ہمیں آئی ایم ایف حکومت قبول نہیں،ہم اسلام آباد آ رہے ہیں، حساب کا وقت آگیا ہے .
انہوں نے خیرپور میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک مشکل میں ہے، معاشی بحران ہے ہر شخص پریشان ہے، خیبرپور پیپلزپارٹی کا ہے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا، میں جانتا ہوں عوام مجھے مایوس نہیں کرے گی، آج نوجوان بےروزگار گھوم رہے ہیں کیا ایسا نیا پاکستان پسند ہے؟ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ عام آدمی کی آواز بنی ہے، شہید بےنظیر بھٹو نے ہمیشہ غریب عوام کے لیے آواز بلند کی، پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں تنخواہوں میں 100فیصد اضافہ کیا، نوجوانوں کو روزگار دیا، خیرپور کے عوام بتائیں ایک کروڑ نوکریوں میں آپ کو کتنا روزگار ملا، سلیکٹڈ نے عوام کے لیے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا، آپ کو گھر ملا؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر بات پر یوٹرن لیا،اب حساب لینے کا وقت آگیا ہے، عمران خان نے عوام کو لاوارث چھوڑا کر مہنگائی میں اضافہ کیا، آصف زرداری جب حکومت میں تھے تو پوری دنیا میں معاشی بحران تھا، آصف زرداری نے معاشی بحران میں بزرگوں کو لاوارث نہیں چھوڑا تھا، جو عوامی نمائندے ہوتے ہیں وہ عوام کا دکھ سمجھتے ہیں .
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم گھبرا گیا ہے، 2 دن کے مارچ میں پیٹرول کی قیمت10 روپے اور بجلی کی5 روپے سستی ہوگئی . سوچیں اسلام آباد پہنچنے کے بعد پٹرول اور بجلی کی قیمت کتنی کم ہوسکتی ہے؟ ہمیں آئی ایم ایف حکومت قبول نہیں،ہم اسلام آباد آ رہے ہیں .
. .