پنجاب میں رمضان المبارک کے دوران 317 رمضان بازار لگانے کا فیصلہ

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب میں رمضان المبارک کے دوران 317 رمضان بازار لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے . صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت رمضان پیکیج کو حتمی شکل دینے کے لئے وزارت کمیٹی کا اجلاس ہوا .


صوبائی وزراء حسین جہانیاں گردیزی، حسنین بہادر دریشک متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کین کمشنر اور متعلقہ افسران نے اس اجلاس میں شرکت کی . سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں 317 رمضان بازار لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے .
رمضان بازار 25 شعبان سے آپریشنل اور21 رمضان سے رمضان بازار، عید بازاروں میں تبدیل ہوں گے . اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران آٹا، چینی، دالیں، گھی اور دیگر اشیاء ضروریہ پر سبسڈی کی فراہمی کی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا . رمضان پیکیج کے حوالے سے حتمی سفارشات جلد پنجاب کابینہ کو منظوری کے لئے بھجوائی جائیں گی .
صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں اشیاء ضروریہ سال 2021ء کی قیمتوں کے مطابق فراہم کی جائیں گی . اس مقصد کے لئے سبسڈی پنجاب حکومت برداشت کرے گی .
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کاموثر نظام بنایا جائے گا اور ماہ مقدس میں کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا . انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کے لئے زیادہ سے زیادہ کاؤنٹرز بنائیں جائیں گے .

. .

متعلقہ خبریں