صدرمملکت نے صنعتی ترقی کیلئے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس2022 جاری کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) صدر مملکت نے صنعتی ترقی کیلئے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2022 جاری کردیا، آرڈیننس کے تحت بیمار صنعتوں کو دوبارہ صحت مند بنانے کا پیکج دیا گیا ہے، سمندرپار پاکستانی، بیرون ملک اثاثوں کے حامل پاکستانی سرمایہ کاری کرسکیں گے . ہم نیوز کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنعتی ترقی کیلئے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس2022 جاری کر دیا ہے .


آرڈیننس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتوں کا فروغ ہے، آرڈیننس کے تحت نقصان میں جانے والی اور بیمار صنعتوں کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے پیکج دیا گیا ہے، آرڈیننس کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس2001 میں سیکشن 59 سی، 65 ایچ ، 100 ایف کا اضافہ کیا گیا . نئی صنعتوں کے قیام کیلئے ظاہر کردہ اثاثوں پر سرمایہ کاروں کو صرف5 فیصد مقرر ٹیکس دینا ہوگا .

آرڈیننس میں کہا گیا کہ ظاہر کردہ فنڈز صرف پلانٹ و مشینری خریدنے، انڈسٹری کے قیام کیلئے استعمال ہو سکیں گے، حوصلہ افزائی کیلئے بیمار صنعت کا ٹیکس نقصان اگلے تین سال کیلئے ایڈجسٹ کیا جاسکے گا، سمندر پار پاکستانی ، بیرون ملک اثاثوں کے حامل پاکستانی سرمایہ کاری کر سکیں گے . اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اورسیز پاکستانیوں کو ملکی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی دعوت اور پانچ سال کے لئے ٹیکسز سے استثنیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں جو بھی حکومتیں آئیں انہیں پتہ ہی نہیں تھاکہ ملک کی سمت کس طرف ہونی چاہیے اور ہم مختلف راستوں پر چلتے رہے، امداد او رقرض مانگنے والوں کی دنیا میں کوئی عزت نہیں ہوتی ،جب کوئی ملک ہاتھ پھیلا کر پھرتا ہے کوئی ہمیں امداد دیدے تو پھر اسے اپنی فارن پالیسی تبدیل کرنا پڑتی ہے،اپنے مفادات کے خلاف دوسروں کی جنگوں میںشرکت کرنا پڑتی ہے .
انہوں نے انڈسٹریل پیکج کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمار ے ملک میں سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کی ترقی میں بے پناہ رکاوٹیں ڈالی گئیں لیکن اب انہیں ختم کر کے مراعات اور سہولیات دے رہے ہیں،آئی ٹی انڈسٹری کو بھی مراعات دے رہے ہیں اس سے پاکستان تیزی سے اوپر جائے گا ،کوئی بھی ملک گندم اور سبزیاں بیچ کر ترقی نہیں کر سکتا ، ہم نے اپنی برآمدات بڑھانے کے بارے میں سوچا ہی نہیں تھا ، ہمیں ایمنسٹی براہ راست دینی چاہیے تھی ،انڈسٹریز کے لئے جن مراعات او رسہولیات کا اعلان آج کر رہے ہیں ہمیں وہ پہلے دن کر دینا چاہیے تھا .

. .

متعلقہ خبریں