بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکیشن تاحال جاری نہ ہو سکا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکیشن تاحال جاری نہ ہو سکا . جنگ نیوز کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 5 روپے کمی کا نوٹیفیکیشن جاری نہ ہو سکا جس کی وجہ سے ابہام موجود ہے کہ کمی کس مد میں کی جائے گی .

اس حوالے سے ابھی تک نیپرا نے بھی کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا . وفاقی وزیر نے فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں ہونے والے اضافہ کو عوام پر لاگو نہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے .
واضح رہے کہ پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قوم سے اہم خطاب کیا گیا . قومی میڈیا پر نشر ہونے والے خطاب میں وزیر اعظم نے قوم کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا . وزیر اعظم نے کہا کہ قوم سے کہنا چاہتا ہوں مجھے پتا ہے یہ مشکل حالات ہیں، کبھی پلوامہ، کبھی کورونا اور اب یوکرین کا مسئلہ آگیا .

حکومت ہرماہ 70 ارب کی سبسڈی دیتی ہے، اگر ہم سبسڈی نہ دیں تو پٹرول کی قیمت 220 روپے تک ہو جائے گی .

پاکستان میں آج بھی پٹرول، ڈیزل دنیا کے 25 ممالک کی نسبت کم قیمت ہے،بھارت میں 260 روپے لیٹر پٹرول ہے . اپوزیشن والے کہتے ہیں پٹرول مہنگا ہوگیا اگر ان کے پاس کوئی حل ہے تو بتا دیں . وزیر اعظم نےاعلان کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے . اگلے بجٹ تک پٹرولیم مصنوعات اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا .
جس کے بعد وفاقی وزارت خزانہ نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا . وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 10 روپے کمی کی گئی جس کے بعد فی لیٹر قیمت 149 روپے 86 پیسے ہو گئی . جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 روپے کمی کی گئی، جس سے فی لیٹر قیمت 144 روپے 15 پیسے ہو گئی . مٹی کا تیل 1 روپے کمی سے 125 روپے 56 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 66 پیسے کمی سے 118 روپے 31 پیسے کا ہو گیا . نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ سے ہو چکا .

. .

متعلقہ خبریں