سی فوڈ کھاتے ہوئے منہ میں موتی آگیا، قیمت ہزاروں ڈالر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایک ریستوران میں امریکی جوڑا سمندری صدفے اندر موجود جانور کھارہا تھا کہ کچھ دیر بعد منہ میں گول سخت موتی کا احساس ہوا جسے نگلا جانے والا تھا لیکن درحقیقت یہ سچا موتی نکلا جس کی قیمت ہزاروں ڈالر تک ہوسکتی ہے .
58 سالہ مائیکل اسپریسلر نے کہا کہ پہلے وہ سمجھے کہ صدفے کا نرم گودا کھاتے ہوئے شاید ان کی ڈاڑھ کا کوئی حصہ ٹوٹ گیا ہے .
جب انہوں نے اسے منہ سے نکال کر ہتھیلی پر رکھ کر دیکھا تو وہ بالکل گول تھا اور چمک رہا تھا . اب انہیں یقین آیا کہ ان کے نصیب میں ایک سچا موتی آگیا ہے .
موتی کی کل لمبائی آٹھ اعشاریہ آٹھ ملی میٹر ہے . مائیکل عرصے سے صدفے اور سی فوڈ کھارہے ہیں لیکن ایسا انوکھا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا تھا . اس بار نیوجرسی میں ان کی مشہور ریستوران کلیم شیک میں یہ واقعہ پیش آیا ہے .
ماہرین کے مطابق صدفے کھاتے ہوئے اتنے بڑے موتی ملنے کا اتفاق بہت کم ہی ہوتا ہے . اندازہ ہے کہ دس ہزار صدفوں میں سے اتنا بڑا موتی برآمد ہوتا ہے جس کی قیمت بھی غیرمعمولی ہے .
مائیکل کی بیوی ماریہ اسے گلے کے ہار میں پہننا چاہتی ہیں جبکہ مائیکل کی خواہش ہے کہ بازار سے اس کی قیمت لگائی جائے . واضح رہے کہ یہ دونوں کی شادی کی سالگرہ کا دن بھی تھا . تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ اس کی قیمت ہزاروں ڈالر تک ہوسکتی ہے .
موتیوں کی ماہرایک ویب سائٹ کے مطابق موتی کی چمک کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ کس ماحول اور پانی میں بنا ہے . اس پر پالش کے بعد ہی اس کی قدروقیمت معلوم ہوگی جو 50 ڈالر سے لے کر ایک لاکھ ڈالر تک ہوسکتی ہے .