لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کا لانگ مارچ دن دوگنی رات چوگنی تنزلی کے ساتھ لاہور پہنچ رہا ہے . انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ آگے بڑھ رہا ہے، شرکا کی تعداد کم سے کم تر ہوتی جا رہی ہے .
اسلام آباد پہنچنے تک بلاول زرداری کا لانگ مارچ ایک چوتھائی تک رہ جائے گا .
انکا کہنا تھا کہ عوامی حمایت کے بغیر اور کرائے کے شرکا کے ساتھ مارچ کرنے کا یہی انجام ہوتا ہے .
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ لانگ مارچ شروع ہوتے ہی وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرنا بلاول کی بوکھلاہٹ ظاہر کر رہا ہے . بلاول زرداری اور پیپلز پارٹی کو پورا یقین ہے کہ ان کا لانگ مارچ دراصل "کاٹھ کی ہنڈیا" ہے . انہوں نے یہ بھی کہا کہ مارچ تک ملکی سیاسی منظر نامے پر اپوزیشن کی ہار مکمل طور پر واضح ہو چکی ہو گی .
اس کے بعد اگلے ساڑھے چھ سال تک یہ لوگ اقتدار سے دور احتساب کے مزے لیتے نظر آئیں گے . فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ ایک پیج پر، اور مضبوط پوزیشن پر کھڑی ہے، اور وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت تزک و احتشام کے ساتھ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی .
. .