اورکزئی میں تبلیغی جماعت کے داخلے و تبلیغ کرنے پر عائد پابندی ہٹالی گئی
کوہاٹ(قدرت روزنامہ)قبائلی ضلع اورکزئی میں تبلیغی جماعت کے داخلے اور تبلیغ کرنے پر عائد پابندی ہٹالی گئی . اس ضمن میں گزشتہ روز مقامی ایم پی اے اور ضلعی مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین سیدغازی غزن جمال نے سوشل میڈیا پراپناایک بیان دیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں ضلعی انتظامیہ نے قبائلی ضلع اورکزئی میں تبلیغی جماعت پر عائد پابندی ہٹالی اوراب تبلیغی جماعت کے ارکان اورکزئی میں داخل ہوکرتبلیغ کے لئے جاسکتے ہیں .
بیان کے مطابق مذاکرات میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر جی جی جمل اورسابق سینیٹر اورنگزیب بھی شامل تھے جن کی کوششیں رنگ لے
آئیں اورضلعی انتظامیہ نے ضلع اورکزئی کی حدودمیں تبلیغی جماعت پر عائد پابندی ختم کردی ہے . ادھر جمعیت علمائے اسلام (ف) اورکزئی نے بھی اس ضمن میں اپنا بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق قبائلی اضلاع کے امیر جے یو آئی اورساتوںقبائلی سب ڈویژنز سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ایم این اے مفتی عبدالشکور اور علمائے کرام کی کوششوں سے ضلع اورکزئی میں تبلیغی جماعت پر عائد پابندی اٹھالی گئی ہے جہاں اب تبلیغ بحال ہوگئی ہے . بیان کے مطابق مفتی عبدالشکور ایم این اے نے اس مسئلہ کو اسمبلی فلور پر اٹھایا تھا . بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب تک علمائے حق موجودہیں تب تک دعوت و تبلیغ کا کام جاری رہے گا اور اسلام پھیلتا رہے گا . خیال رہے کہ چندماہ قبل ضلعی انتظامیہ نے اورکزئی کی حدودمیں تبلیغی جماعت کے داخل ہونے پرپابندی عائد کردی تھی .
. .