(قدرت روزنامہ)متحدہ اپوزیشن نے وزیر اعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد اور نئے حکومتی سیٹ اپ کا فارمولا طے کر لیا ہے .
بول نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے حکومت گرانے کے فارمولے کو حتمی شکل دے دی ہے .
اپوزیشن جماعتوں نے طے شدہ فارمولے کے تحت مرحلہ وار آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے .
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں وزیر اعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی ، کامیابی کی صورت میں چیئرمین سینیٹ اگلا نشانہ ہوں گے .
فارمولے کے تحت اس سے اگلے مرحلے میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف مواخذے کی کارروائی ہو گی .
اپوزیشن قائدین اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو 3 سے 5 ماہ میں ملک میں عام انتخابات ہوں گے .
نئے حکومتی سیٹ اپ میں وزارت عظمیٰ مسلم لیگ (ن) جب کہ اسپیکر شپ پیپلز پارٹی کو ملے گی .
نئی حکومت بننے کے فوری بعد تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں کو ساتھ دینے کی دعوت دی جائے گی .
نئی حکومت انتخابی اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر قانون سازی کرے گی .
اس کے علاوہ نئی حکومت تاحیات نااہلی کے حوالے سے بھی قانون سازی کرے گی .
. .