نال(قدرت روزنامہ)بسیمہ تا خضدار N-30 روڈ پر تعمیراتی کمپنی کو کام کرنے سے روک دیا گیا . فیروزآباد، نال، کودہ اور گریشہ میں متاثرین زیر تعمیر سڑک پر جمع ہوگئے،انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائیں .
بسیمہ تا خضدار زیر تعمیر سی پیک روڈ کے متاثرین کو معاوضوں کی عدم ادائیگی پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اور متاثرہ زمینداروں نے فیروزآباد، نال، گریشہ اور کودہ کے مختلف مقامات پر متاثرہ زمینداروں نے تعمیراتی کمپنی کا کام روک دیا گیا . آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چئیرمین و نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ایڈوکیٹ عبدالجمید بلوچ، جنرل سیکریٹری ٹکری بشیر احمد جتک، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر میر شفیق الرحمان ساسولی، بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی ترجمان محمد یونس گنگو، انجمن تاجران خضدار کے رہنما آغا سمیع اللہ شاہ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی رہنما میر نورالدین چھٹہ، جے یو آئی نظریاتی کے رہنما مولانا عبدالغفور کرخی، جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کے چئیرمین عبدالوہاب غلامانی، ٹرانسپورٹ یونین خضدار کے رہنما بشیر احمد حلیمی، بی این پی کے ضلعی جنرل سیکریٹری عبدالنبی بلوچ سمیت متاثرہ زمینداروں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے کودہ سے فیروز آباد تک کے مختلف مقامات پر دورہ کرکے تعمیراتی کمپنی کی مشینری و عملہ کو کام کرنے سے روک دیا . واضح رہے کہ N-30 کے متاثرین دو سال گزرنے کے باوجود تاحال معاوضوں کے حصول سے محروم ہیں . جس پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے معاوضوں کی ادائیگی تک زیر تعمیر سڑک N-30 پر کمپنی کو مزید کام کرنے سے روکنے کا اعلان کیا تھا . آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی و متاثرہ زمینداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاوضوں کی ادائیگی فوری طور پر یقینی بنائی جائے بصورت دیگر احتجاج کو مزید وسعت دی جائیگی .
. .