اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو مکمل حمایت کا یقین دلا دیا، ہم آپ کی ٹیم کا حصہ ہیں، مطمئن رہیں ارکان اسمبلی کہیں نہیں جار رہے ہیں . ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی .
ملاقات میں ریاض فتیانہ اور نصراللہ دریشک و دیگر ارکان اسمبلی شریک ہوئے . ملاقات میں وزیراعظم نے اپوزیشن کی ممکنہ تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کی . وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی پُراعتماد رہیں، سب کچھ ٹھیک ہے، تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے ہمارا ہوم ورک مکمل ہے، نمبر گیم بھی پورے ہیں . جس پر ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کو مکمل حمایت کا یقین دلایا .
ارکان اسمبلی نے کہا کہ کہیں نہیں جار رہے ہیں، ایسا سوچا بھی نہیں، مطمئن رہیں، ہم آپ کی ٹیم کا حصہ ہیں . وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے آپ کی وفاداری پر یقین ہے، تحریک انصاف کے سب ارکان متحد ہیں . تمام اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک کا بھی شوق پورا کرکے دیکھ لے، ان کو اندازہ ہوجائے گا . دوسری جانب سینٹیر فیصل جاوید نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کل وزیراعظم عمران خان وہاڑی میں ایک اہم خطاب کریں گے اور عوام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی وزیراعظم کیخلاف گرینڈ سازش کو بےنقاب کرینگے .
سینٹیر فیصل جاوید نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بڑےانکشافات سامنے آنے والے ہیں . اپوزیشن کو دوبارہ ناکامی کا سامنا کرناپڑے گا . انشاءاللہ .