پیپلز پارٹی کاطویل عرصے کے بعد لاہورمیں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی نے طویل عرصے کے بعد پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہورمیں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا ، کراچی سے روانہ ہو کر لاہور پہنچنے والے عوامی مارچ کا جیالوںنے پرتپاک استقبال کیا ، عوامی مارچ کے شرکاء کے استقبال کیلئے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ،لاہورکے مختلف مقاما ت اور پنجاب کے قریبی اضلاع سے قافلے بھی عوامی مارچ میں شرکت کیلئے لاہور کے ناصر باغ پہنچے . تفصیلات کے مطابق مراکہ میںقیام کرنے والے عوامی مارچ کے شرکاء نے ناصر باغ کی جانب سفر کا آغاز کیا جو سارے راستے پارٹی قیادت کے

حق میں نعرے لگاتے رہے .

عوامی مارچ کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں . پیپلز پارٹی کے جیالے صبح سویرے ہی عوامی مارچ کے شرکاء کا خیر مقدم کرنے کے لئے لگائے گئے استقبالیہ کیمپوںمیں پہنچ گئے جہاں پارٹی کے منتظمین رہنمائوں کی جانب سے ان کی حلوہ پوری ، نان چنے اور چائے سے تواضع کی گئی . کارکنان سار ادن پارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے . پیپلز پارٹی صوبائی قیادت کی جانب سے لاہور کو پارٹی پرچموں ،بینرز اور فلیکسز سے سجا دیا گیا . پولیس کی جانب سے عوامی مارچ کے شرکاء اور استقبالیہ کیمپوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے اور تقریباً4ہزار کے قریب پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات رہے . پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما بھی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے وقفے وقفے سے پنڈال کا دورہ کرتے رہے . لاہور سمیت ملک کے مختلف مقامات کارکنوں کے قافلے بھی عوامی مارچ میں شرکت کے لئے ناصر باغ پہنچے . قافلوں کی آمدکی وجہ سے لاہور کے داخلی راستوں پر بھی ٹریفک کا نظام گھنٹوں جام رہا . بلاول بھٹو اپنی ہمشیرہ آصفہ بھٹو اورپارٹی کی سینئر قیادت کے ہمراہ روانہ ہوئے تو کارکنوںنے ان کی گاڑی کو روک لیا اور ان کی گاڑی پر پھولوںکی پتیاں نچھاور کیں . بلاول بھٹو کے قافلے کا استقبالیہ کیمپوںمیں بھی استقبال کیا گیا او ران کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاںنچھاور کی گئیں . ناصر باغ پہنچنے پر کارکنوں نے بلاول بھٹو کی گاڑیوں کا گھیر لیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے قیادت کے حق میں نعرے لگائے جاتے رہے . پیپلز پارٹی کی نجی سکیورٹی نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوںکو اپنے حصارمیں لے کرکنٹینر میں منتقل کیا . بلاول بھٹو ، آصفہ بھٹو نے پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کے ہمراہ کنٹینر کی چھت پر آکر ہاتھ ہلا کر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا .

. .

متعلقہ خبریں