سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ انتقال کرگئے

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان کے سابق صدر محمد رفیق تارڑ انتقال کرگئے . تفصیلات کے مطابق سابق صدر پاکستان پچھلے کچھ عرصے سے علیل تھے اور وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے ، جس کی تصدیق ان کے خاندانی ذرائع کی جانب سے بھی کی گئی اور کہا گیا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا .

قبل ازیں 2017ء میں بھی سابق صدر رفیق تارڑ کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی جس پر ان کا جدید میڈیکل سسٹم مائٹرل کلپ ٹیکنالوجی کے ذریعے دل کا کامیاب آپریشن کیا گیا کیوں کہ سابق صدر رفیق تارڑ کے دل کی شریانیں بند تھیں ، اس حوالے سے اس وقت کی وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل نے آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ناصرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء میں پہلی بار جدید میڈیکل سسٹم مائٹرل کلپ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جس میں بغیر سرجری کے مریض کے دل کی شریانیں کھولی جاتی ہیں .

خیال رہے کہ رفیق تارڑ سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور پھر اسی سال ملک کے صدر بنے ، ان کے دور میں صدر کے اختیارات کو بتدریج کم کیا گیا اور بالآخر تیرھویں ترمیم کے ذریعے صدر کے اختیارات میں مکمل طور پر کمی کردی گئی جب کہ 1999ء میں جنرل پرویز مشرف کی طرف سے نواز شریف کی حکومت کی برطرفی کے بعد بھی رفیق تارڑ کو ان کے عہدے سے نہیں ہٹایا گیا اور وہ 2001ء تک صدر پاکستان رہے .

. .

متعلقہ خبریں