یوکرین تنازع میں پاکستان ثالث کا کردار ادا کرے،صدر یورپی کونسل کی وزیراعظم سے درخواست

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان سے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں چارلس مشیل نے 4 مارچ 2022 کو پشاور کی ایک مسجد پر دہشت گردانہ حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا . یوکرین کی تازہ ترین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا .

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ یورپی کونسل کے صدر نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ یوکرین اور روس کے تنازع میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے .
یہ بات چیت بڑی پیش رفت ہے عمران خان اس پر عملی اقدامات اٹھائیں گے . جبکہ یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر وزیراعظم عمران خان نے جاری فوجی تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کیا . وزیر اعظم نے کہاکہ مزید کشیدگی خطے اور دنیا پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرے گی، ترقی پذیر ممالک پر تنازعات کے منفی معاشی اثرات کو مسلسل اجاگر کر رہا ہوں .

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان نے اصولی موقف کو برقرار رکھا ہے کہ وہ صرف امن کا شراکت دار ہوگا .

وزیراعظم نے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کی فوری ضرورت پر زور دیا . وزیراعظم نے یوکرین میں شہریوں کے لیے انسانی امداد کی اہمیت پر بھی زور دیا . وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کے روس اور یوکرین کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں،پاکستان دونوں اطراف سے قریبی رابطے میں ہے . وزیر اعظم پر امید ہیں کہ تنازعہ کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جائے گا . دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ پاکستان جیسے ممالک ان کوششوں میں سہولت کار کا کردار ادا کر سکتے ہیں . وزیر اعظم نے کہاکہ یورپی یونین کی قیادت سے ملاقات کے لیے اپنے دورہ برسلز کے منتظر ہیں . وزیراعظم نے صدر چارلس مشیل کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی .

. .

متعلقہ خبریں