فضل الرحمان سے ملاقات‘ چوہدری شجاعت کی تحریک عدم اعتماد پر حمایت کی یقین دہانی سے معذرت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان کو تحریک عدم کی تنہا یقین دہانی کرانے سے معذرت کرلی . ایکسپریس نیوز کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین جب اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے اُن کی رہائش گاہ پہنچے تو اس موقع دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا .


اس دوران مولانا فضل الرحمان نے پاکستان مسلم لیگ ق سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حمایت کی درخواست کی تو اس پر چوہدری شجاعت حسین نے معذرت کرلی ، انہوں نے کہا کہ اکیلے حمایت کی یقین دہانی نہیں کروا سکتا ‘ آپ کی درخواست پارٹی میں رکھ دوں گا اور پھر جو فیصلہ ہوگا ہم آپ کو اُس سے آگاہ کردیں گے .

بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے موقع پر مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ق کے سربراہ سے شہباز شریف کی دعوت پر نہ جانے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف میرے کہنے پر آپ کے گھر آئے ، دعوت قبول نہ کرنے پر شہباز شریف ناراض اور میں شرمندہ ہوا ، اس کے جواب میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ کچھ وجوہات کی بناء پر شہبازشریف کی دعوت قبول نہ کرسکے جب کہ آپ کا شکوہ دور کرنے خود چل کر آیا ہوں .
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے ، حزب اختلاف نے ساتھ ہی قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی جمع کرائی ہے ، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی ، حزب اختلاف کی اس عدم اعتماد کی تحریک پر 86 اراکان نے دستخط کیے ہیں ، جن میں پاکستان مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور اے این پی کے اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں .

. .

متعلقہ خبریں