تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد وزیراعظم کا عوامی جلسے کا اعلان

کراچی(قدرت روزنامہ) قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے عوامی جلسے کا اعلان کردیا . تفصیلات کے مطابق کراچی میں صحافی کی طرف سے تحریک عدم اعتماد سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جمعہ کو پی ٹی آئی کا جلسہ ہے ، خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں ہونے والا جلسہ بتائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں .


اس دوران وزیر اعظم عمران خان کی صحافیوں سے ملاقات میں سوال پوچھا گیا کہ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تو کیا کریں گے؟ جس پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مشکلیں اتنی پڑیں کہ آسان ہو گئیں ، یہ گیم وہاں جا رہی ہے جس کا میں ایکسپرٹ ہوں ، ہر دن نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور میں اس کے لیے تیار ہوں ، اسی لیے میں نے اب تک اپنے اقتدار میں صرف 5 چھٹیاں کی ہیں اور یہ چھٹیاں بھی تب کیں جب مجھے کورونا ہوا تھا .

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے ، حزب اختلاف نے ساتھ ہی قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی جمع کرائی ہے ، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی ، حزب اختلاف کی اس عدم اعتماد کی تحریک پر 86 اراکان نے دستخط کیے ہیں ، جن میں پاکستان مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور اے این پی کے اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں .
ادھروزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہبازگل نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے پاس 178 نمبرز ہیں ، سیاست مذاکرات کا نام ہے ، سیاسی ملاقاتیں ہونی چاہیئں لیکن یوسف رضا گیلانی والی خرید و فروخت عمران خان نہیں کرسکتے ، اپوزیشن جماعتوں میں محب وطن موجود ہیں لیکن اپوزیشن کے بعض لوگ منافقت کا مظاہرہ کررہےہیں جو ایک طرف کہہ رہے ہیں عمران خان یہود ی ایجنڈے کوفروغ دےرہےہیں اور دوسری طرف کہا جا رہا ہے عمران خان مغرب کے خلاف بول رہےہیں ، اپوزیشن رہنما پہلے طے کرلیں ان کا حتمی موقف کیاہے .

. .

متعلقہ خبریں