چودھری شجاعت اور آصف زرداری کے درمیان ایک اور ملاقات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ایک اور ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر بات ہوئی، آصف زرداری نے چودھری شجاعت سے عدم اعتماد کیلئے تعاون کی درخواست کی . دنیا نیوز کے مطابق سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے ان کی رہائشگاہ پر گئے .


جہاں پر دونوں رہنماؤں کے درمیان نصف گھنٹہ ملاقات جاری رہی . ملاقات میں آصف زرداری نے چودھری شجاعت سے تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے تعاون کرنے کی درخواست کی . جس پر ق لیگ کی قیادت نے فیصلے ملکی مفاد میں کرنے کی یقین دہانی کرائی .

چودھری شجاعت حسین کے ہمراہ وفد میں طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک حسین بھی شریک ہوئے . یاد رہے گزشتہ روز سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حیسن، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے ان کے گھرگئے، چودھری شجاعت کے ہمراہ ان کے بیٹے چودھری سالک اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی تھے .

مولانا فضل الرحمان نے اپنی رہائشگاہ پر چودھری شجاعت حسین کا استقبال کیا، اس موقع پر جےیوآئی ف کے رہنماء مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا اسعد محمود اور مولانا صلاح الدین بھی موجود تھے . چودھری شجاعت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا . خیال رہے ملک کی تیزی کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت بھی اسلام آباد میں موجود ہیں .
دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ کے اراکین نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اورخاص طور پر پنجاب میں تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا . ملاقات کرنے والوں میں نعمان لنگڑیال، عون چوہدری ،لالہ طاہر رندھاوا، عبد الحئی دستی ،اجمل چیمہ اور دیگر شامل تھے . ملاقات میں چوہدری پرویزالٰہی نے جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا .
ملاقات میں جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے پرویز الٰہی کو مائنس ون ایجنڈے پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ ہمیں عثمان بزدار قبول نہیں، پنجاب تباہ ہو چکا ہے عوام کے مفاد کے لئے سامنے آنا ہوگا، ہم عثمان بزدار کو ہٹانے نکلے ہیں ہمارا ساتھ دیا جائے کیونکہ عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے مخلص ساتھیوں کو مایوس کیا . اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام تر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، پارٹی رہنمائو ں سے مشاورت کرکے ہی تمام فیصلے کریں گے . ملاقات میں صوبے اور عوام کی بہتری کیلئے ترین گروپ اور پرویزالٰہی نے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا، یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ترین گروپ کے رہنما جلد چودھری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں