(قدرت روزنامہ)چودھری شجاعت حسین کی پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم قیادت سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے . ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے سے معذرت کر لی ہے .
ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت حسین کی اسلام آباد میں آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر اہم سیاسی معاملات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی . چودھری شجاعت نے پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ کی پیشکش قبول کرنے کی حامی بھری . تاہم زرداری نے پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب آپ نے بہت دیر کردی ہے .
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آپ نے شہباز شریف کی دعوت قبول کرنے سے انکار کیا یہ سیاسی اور اخلاقی آداب کیخلاف ہے . آپ نے بروقت فیصلہ نہیں کیا تو ہم نے دیگر پہلوئوں پر کام شروع کر دیا تھا .
اس پر چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ گھر کا بڑا ہوں، میں خود چل کر آپ کے پاس آیا ہوں . جو کچھ بھی ہوا اسے ختم کرنا چاہتے ہیں . انہوں نے ن لیگ کیساتھ تعلقات کی بحالی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہم معاملات میں پیشرفت کیلئے تیار ہیں .
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کا اپوزیشن کا ساتھ دینے کی صورت میں آپشن بی سامنے آ گیا ہے . آپشن بی کے تحت سپیکر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک نہیں لائی جائے گی جبکہ مسلم لیگ ن کی وفاق میں نمائندگی جاری رہے گی . آپشن بی کے معاملے کا اختیار نواز شریف کو دیدیا گیا .
یہ بھی پڑھیں: آپ پرویز کو وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے بنا دیں: چودھری شجاعت، چودھری صاحب! آپ نے بہت دیر کردی: فضل الرحمان
دوسری جانب چودھری شجاعت کی پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کیساتھ ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے . چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ آپ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے، اب بنا لیں . تاہم اس پر مولانا نے ان سے کہا کہ چودھری صاحب آپ نے بہت دیر کردی . تاہم اب بھی میں شریف برادران سے بات کرتا ہوں .
ذرائع بتاتے ہیں کہ چودھری شجاعت اپوزیشن کا ساتھ دینے کے لیے اپنی شرائط سے بھی دستبردار ہو گئے ہیں . چودھری شجاعت نے اپوزیشن کی پرانی پیشکش پر ہی تعاون کی رضامندی ظاہر کر دی ہے . گذشتہ روز مولانا سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ جن شرائط پر آپ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے، بنا دیں، ہم تیار ہیں .
لیکن مولانا نے جواب دیا کہ چودھری صاحب! آپ نے بہت دیر کر دی . ہم نے دوسرے آپشنز پر کام کیا ہے . آپ نے شہباز شریف کی دعوت قبول کرنے کے بعد اچانک انکار کرکے اچھا نہیں کیا . آپ محترم ہیں، اب آپ آئے ہیں تو میں ن لیگ کی قیادت سے بات کروں گا .
ذرائع کے مطابق گذشتہ رات ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو چودھری شجاعت کا پیغام پہنچا دیا ہے . تاہم شہباز شریف نے نواز شریف اور پارٹی سے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا ہے .
خیال رہے کہ چودھری برادران کی سخت شرائط کے باعث اپوزیشن نے ق لیگ سے مذاکرات ختم کر دیئے تھے . چودھری صاحبان شہباز شریف کی دعوت قبول کرنے کے باوجود نہیں گئے .
اپوزیشن ق لیگی قیادت سے ناراض تھی . ذرائع کے مطابق چودھری برادران کے اس رویے کی وجہ سے آصف زرداری نے بلاول بھٹو کو چودھری برادران کے ناشتے پر گجرات جانے سے روک دیا تھا .
. .