آپ پرویز کو وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے بنا دیں: چودھری شجاعت، چودھری صاحب! آپ نے بہت دیر کردی: فضل الرحمان

(قدرت روزنامہ)چودھری شجاعت کی پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کیساتھ ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے . چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ آپ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے، اب بنا لیں .

تاہم اس پر مولانا نے ان سے کہا کہ چودھری صاحب آپ نے بہت دیر کردی . تاہم اب بھی میں شریف برادران سے بات کرتا ہوں .

تفصیل کے مطابق سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت اپوزیشن کو منانے اسلاآباد پہنچے . ذرائع بتاتے ہیں کہ چودھری شجاعت اپوزیشن کا ساتھ دینے کے لیے اپنی شرائط سے بھی دستبردار ہو گئے ہیں .

چودھری شجاعت نے اپوزیشن کی پرانی پیشکش پر ہی تعاون کی رضامندی ظاہر کر دی ہے . گذشتہ روز مولانا سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ جن شرائط پر آپ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے، بنا دیں، ہم تیار ہیں .

لیکن مولانا نے جواب دیا کہ چودھری صاحب! آپ نے بہت دیر کر دی . ہم نے دوسرے آپشنز پر کام کیا ہے . آپ نے شہباز شریف کی دعوت قبول کرنے کے بعد اچانک انکار کرکے اچھا نہیں کیا . آپ محترم ہیں، اب آپ آئے ہیں تو میں ن لیگ کی قیادت سے بات کروں گا .

ذرائع کے مطابق گذشتہ رات ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو چودھری شجاعت کا پیغام پہنچا دیا ہے . تاہم شہباز شریف نے نواز شریف اور پارٹی سے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا ہے .

خیال رہے کہ چودھری برادران کی سخت شرائط کے باعث اپوزیشن نے ق لیگ سے مذاکرات ختم کر دیئے تھے . چودھری صاحبان شہباز شریف کی دعوت قبول کرنے کے باوجود نہیں گئے .

اپوزیشن ق لیگی قیادت سے ناراض تھی . ذرائع کے مطابق چودھری برادران کے اس رویے کی وجہ سے آصف زرداری نے بلاول بھٹو کو چودھری برادران کے ناشتے پر گجرات جانے سے روک دیا تھا .

. .

متعلقہ خبریں