آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے پی ٹی آئی رہنما یار محمد رند کی رات گئے ملاقات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے پی ٹی آئی رہنما یار محمد رند کی رات گئے ملاقات، ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا . تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی رہنما سردار یار محمد رند کی دو روز میں دوسری ملاقات ہوئی ہے .


دونوں رہنماؤں کے درمیان رات گئے ہونے والی ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا . پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی سردار یار محمد رند سے آصف زرداری کی ملاقات میں شریک ہوئے . خیال رہے کہ دو روز قبل بھی سردار یار محمد رند نے آصف علی زرداری سے ایک ملاقات کی تھی .

یہ ملاقات زرداری ہاؤس اسلام آباد میں 2 گھنٹے جاری رہی تھی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی . ملاقات میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے . نجی ٹی وی سے گفتگو میں سردار یار محمد رند کا کہنا تھاکہ آصف زرداری میرے پڑوسی ہیں، ان سے ذاتی تعلق ہے، جب سیاسی شخصیات ملتی ہیں تو سیاسی گفتگو بھی ہوتی ہے . انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری سے ان کی بیٹی کی خیریت دریافت کی، ہماری آئندہ بھی ملاقاتیں رہیں گی .
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے سابق ترجمان و سابق معاون خصوصی ندیم افضل چن نے بھی اتوار کو دوبارہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے . بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی قیادت کے ہمراہ لاہور میں ندیم افضل چن کے گھر پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا تھا . اس موقع پر ندیم افضل چن نے پاکستان تحریک انصاف سے اپنے راستے جدا کرکے دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ کچھ مجبوریوں کی وجہ سے غلط فیصلہ کیا تھا، اپنے گھر واپس آ گیا ہوں جس کی خوشی ہے .

. .

متعلقہ خبریں