اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کے دن پارلیمنٹ ہاؤس لاجز کو رینجرز اور ایف سی کے حوالے کر رہے ہیں . انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری مولانا فضل الرحمن کو استعمال کر رہے ہیں .
کوئی ایسا واقعہ نہ ہوجائے جو ملک کی بدنامی کا باعث بنے .
انصارالاسلام سے کہا ہے کوئی بندہ وردی میں اسلام آباد نہ آئے، فضل الرحمان نے اچھا کیا احتجاج کی کال واپس لے لی . مولانا فضل الرحمن خدا کے واسطے دینی مدرسے کے طلباء کو استعمال نہیں کریں . میں لحاظ نہیں کروں گا کہ کون کتنا بڑا لیڈر ہے . کوئی بھی پارٹی لیڈر سازش میں ملوث پایا گیا تو پکڑیں گے . جو ملیشیا کے لباس میں اسلام آباد آیا اسے نہیں چھوڑوں گا .
آپ کو حق نہیں نجی ملیشیاء کے ذریعے ریڈزون میں دہشت گردی کریں . یہ ٹریلر کے طور پر ہم نے نارمل پرچے کیے پھر نہ کہنا بندے اٹھائے گئے . جس نے قانون کو ہاتھ میں لیا اس سے اٹھا لیں گے . سینئر پارلیمنٹیرین کے طور پر کہتا ہوں کہ آپ پر برا وقت آنے والا ہے . تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا جمہوری حق ہے . یہ بہت اچھی بات ہے یہ کہتے ہیں کہ فوج نیوٹرل ہے .
اپوزیشن سے درخواست ہے کہ کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہونا . مولانا فضل الرحمان پہلے بھی استعمال ہوئے ہیں . انہوں نے پلاننگ کے تحت مین گیٹ پر قبضہ کیا پھر اپنے بندے داخل کیے . 401 نمبر کمرے کے علاوہ ہم نے کسی کا دروازہ نہیں کھٹکھٹایا . شیخ رشید نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کے ساتھ میں نے دیر جانا تھا . یہاں کچھ فیصلے کرنے تھے اس لئے رک گیا ہوں . . یہ عدم اعتماد سے بھی بھاگ جائیں گے . یہ کسی اور طرف گئے تو پھر دھر لیے جائیں گے . 172 بندے نہیں لا سکتے تو چپ کرکے پرانی تنخواہ پر کام کریں . آپ عمران خان سے ذاتی لڑائی لڑنے جارہے ہیں جمہوری نہیں . اس سے آپ کی سیاست کا پتا صاف اور جھاڑو پھر سکتا ہے .