لاہور(قدرت روزنامہ) خاتون صحافی غریدہ فاروقی کے خلاف مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں لاہور کی ایک عدالت میں مقدمہ زیرسماعت ہے، جس میں گزشتہ پیشی پر جج نے تفتیشی افسر کی آدھ ماہ کی تنخواہ کٹوتی کرنے کا حکم دے دیا . ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی طرف سے تفتیشی افسرکو یہ سزا عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر دی گئی .
رپورٹ کے مطابق غریدہ فاروقی کی طرف سے قربانی پر جانوروں کو ذبح کرنے کے متعلق ایک ٹویٹ کی تھی جس پر ان کے خلاف مہر عرفان جہانگیر نامی شخص نے مقدمہ درج کرایا گیا تھا . غریدہ فاروقی نے 21جولائی 2021ءکو کی گئی اپنی اس ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ”ایک جانور کی زندگی بچائیے اگر آپ بچا سکتے ہیں تو . اس واقعے کے پیچھے کارفرما فلسفے اور خدا کے پیغام کو سمجھیے اور اپنی زندگیوں میں اس پر عمل کیجیے . اس دن کو گوشت خوری کے لیے مخصوص مت کیجیے، جانوروں سے پیار کیجیے اور انہیں زندہ رہنے دیجیے . عید مبارک . “
. .